Feb ۰۶, ۲۰۲۳ ۱۸:۳۷ Asia/Tehran
  • تہران اور بغداد کے تعلقات تاریخی اور اسٹریٹجک ہیں: صدر عراق

عراق کے صدر عبداللطیف رشید نے تہران اور بغداد کے تعلقات میں فروغ پر زور دیا ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: عبداللطیف رشید نے آج ایران کے نائب وزیرخارجہ مہدی صفری اور بغداد میں ایران کے سفیر محمد کاظم آل صادق سے صدارتی محل میں ملاقات  کی۔ 
انہوں نے ایران اور عراق کے تاریخی تعلقات پر روشنی ڈالتے ہوئے مشترکہ تعاون کو دونوں ممالک اور عوام کے مفاد کے عین مطابق قرار دیا۔ 
عراق کے صدر عبداللطیف رشید نے صدر سید ابراہیم رئیسی کی جانب سے دوستی اور محبت کے پیغام کا خیرمقدم کرتے ہوئے اپنے ایرانی ہم منصب اور ایرانی قوم کے لئے مزید ترقی اور پیشرفت کے لئےنیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
انہوں نے تہران اور بغداد کے مابین تعاون میں فروغ پر زور دیا اور صدام کے دور آمریت اور داعش کے سامنے عراقی عوام کی استقامت کی حمایت میں ایران کے مرکزی کردار کو سراہا۔
دریں اثنا ایران کے نائب وزیر خارجہ ڈاکٹر مہدی صفری نے بھی عراقی صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ چند روز کے دوران دونوں ممالک کی مشترکہ اقتصادی کمیٹی کا اجلاس منعقد کیا جائیگا۔
یاد رہے کہ ایران کے نائب وزیر خارجہ مہدی صفری اپنے دورہ بغداد میں ایک اعلی سطحی سفارتی اور اقتصادی وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔

ٹیگس