حزب اللہ کی ترکیہ اور شام کے زلزلہ زدگان کی امداد کی درخواست
حزب اللہ لبنان نے اپنے بیان میں ترکیہ اورشام میں زلزلہ سے ہونے والی تباہی کے حوالے سے بین الاقوامی اداروں اوردنیا کے ممالک سے درخواست کی ہے وہ ان متاثرین کی ہرممکن طریقے سے امداد کریں۔
سحرنیوز/عالم اسلام: حزب اللہ لبنان نے اپنے بیان میں ترکیہ اور شام میں زلزلے سے ہونے والے نقصان پر افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا ہے اور بین الاقوامی امدادی اداروں اور ممالک سے ان متاثرین کی ہر ممکنہ طریقے سے امداد کی درخواست کی ہے جس میں ہزاروں لوگ جاں بحق اور زخمی ہوگئے ہیں۔
حزب اللہ نے بین الاقوامی ممالک اور اداروں سے درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ملبے کے نیچے پھنسے افراد کو نکالنے، زخمیوں کے علاج اور بے گھر ہونے والے افراد کو رہائش کی فراہمی کےلئے امداد اور انتظام کے لئے ترکی اور شام کی امداد کریں۔
یاد رہے کہ پیرکی صبح ترکی اور شام میں گزشتہ صدی کا شدید ترین زلزلہ آیا تھا جس میں اب تک 3800 سے زیادہ افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔
ترکی کے نائب صدرنے اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ 7 اعشاریہ 8 ریکٹراسکیل کے زلزلے سے ترکی میں 2379 افراد ہلاک ہوگئے ہیں اور اسی طرح شام میں 1444 افراد کے ہلاک ہونے کی خبر ہے۔