ترکیہ اور شام میں زلزلہ، اموات میں اضافہ
ترکیہ اور شام میں آنے والے خوفناک زلزلے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد سولہ ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: جنوبی ترکیہ اور شمالی شام میں آنے والے خوفناک اور تباہ کن زلزلے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد سولہ ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جس میں شام میں اب تک تین ہزار ایک سو باسٹھ اور ترکیہ میں بارہ ہزار آٹھ سو تہتر اموات کا پتہ چل چکا ہے جبکہ مختلف ملکوں اور بین الاقوامی تنظیموں کی جانب سے امدادی کاروائیاں سست رفتاری کے ساتھ جاری ہیں اور لقمہ اجل بننے والوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
ترکیہ کے ہنگامی امور کے ادارے نے جمعرات کو اپنے ملک میں زلزلے کے نتیجے میں لقمہ اجل بننے والوں کی تعداد بارہ ہزار آٹھ سو تہتر اعلان کی ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد باسٹھ ہزار نو سو سینتیس بتائی گئی ہے۔
اس طرح ترکیہ اور شام میں زلزلے کے نتیجے میں مرنے والوں والوں کی مجموعی تعداد سولہ ہزار سے تجاوز کر گئی ہے اور زخمیوں کی تعداد بھی انہتر ہزار سے بڑھ چکی ہے۔
شام میں بھی جان بحق ہونے والوں کی تعداد تین ہزار ایک سو باسٹھ ہو چکی ہے اور زخمیوں کی تعداد بھی چھے ہزار ایک سو سے زائد ہوگئی ہے۔
تباہ کن زلزلے کے المیے کے پہلو آشکار ہونے کے ساتھ مرنے والوں کی مجموعی تعداد اعلان کردہ تعداد سے کہیں زیادہ بڑھ سکتی ہے جبکہ اقوام متحدہ کے ایک عہدیدار کا کہنا ہے کہ زلزلے میں ہزاروں کی تعداد میں بچے مارے گئے ہیں۔
پیر کی صبح سات اعشاریہ آٹھ ریکٹر اسکیل کے آنے والے تباہ زلزلے کے نتیجے میں ملبے تلے لوگوں کو باہر نکالنے کی کاروائی بدستور جاری ہے۔ ترکیہ کی وزارت دفاع کی ٹیم نے جو امداد رسانی میں سرگرم عمل ہے اعلان کیا ہے کہ زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں سولہ ہزار سات سو پچاسی فوجی اہلکار امدادی کاروائیوں میں سرگرم عمل ہیں۔
ایسے حالات میں ایران نے ترکیہ میں اپنی امدادی ٹیم اور طبی ساز و سامان بھیجنے کے ساتھ ساتھ شام کی امداد پر خصوصی توجہ مرکوز کر رکھی ہے اور مغربی پابندیوں کو خاطر میں لائے بغیر متاثرین کی امداد کرنے والے ممالک کے درمیان اہم ملک شمار ہوتا ہے۔
اسی تناظر میں ایران اب تک امدادی ساز و سامان سے بھرے چار طیارے شام روانہ کر چکا ہے۔
اس سلسلے کا چوتھا طیارہ بدھ کی رات حلب ایئرپورٹ پر اترا۔
اس سے قبل انواع و اقسام کے امدادی ساز و سامان سے لدے تین طیارے دمشق حلب اور لاذقیہ میں اتر چکے ہیں۔
اس درمیان ایران کی سپاہ پاسداران کی قدس فورس کے کمانڈر جنرل قاآنی زلزلے سے متاثرہ علاقے کا دورہ کرنے کے لئے گزشتہ روز شام کے شہر حلب پہنچے۔ انہوں نے علاقے میں پہنچ کر امدادی سرگرمیوں کا قریب سے جائزہ لیا اور وہاں ایران سے بھیجی گئی امدادی ٹیموں کی کارروائیوں کی نگرانی کی-