داعش نے ایران، ہندوستان اور چین کے سفارتخانے کو دھمکی دی
امریکی ذرائع ابلاغ نے داعش کی جانب سے کابل میں ہندوستان، چین اور ایران کے سفارتخانے کو دھمکی دیئے جانے کی اطلاع دی ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: بلومبرگ نیوز ایجنسی نے اقوام متحدہ کے حکام کے حوالے سے خبر دی ہے کہ داعش کابل میں چین، ہندوستان اور ایران کے سفارت خانوں کو دھمکیاں دے کر خطے کے اہم ممالک کے ساتھ طالبان کے تعلقات کو کمزور کرنا چاہتی ہے۔
بلومبرگ نیوز ایجنسی نے اقوام متحدہ کے حکام کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ داعش نے افغانستان میں چین، ہندوستان اور ایران کے سفارت خانوں کو دھمکی دی ہے۔
اس میڈیا کے مطابق اقوام متحدہ کے حکام نے کہا ہے کہ داعش اس دھمکی سے طالبان کو ان ممالک سے الگ تھلگ کرنے کی کوشش کر رہا ہے جو طالبان کے سفارتی اتحادی ہیں۔
بلومبرگ کے مطابق کابل میں سفارت خانوں کے خلاف داعش کا خطرہ اقوام متحدہ کی رپورٹ کے نتائج کا حصہ ہے، جو اس اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں پیش کی جانی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ داعش ایسی دھمکیوں سے طالبان اور خطے کے اہم ممالک کے درمیان تعلقات کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
افغانستان میں طالبان کے دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد داعش نے افغانستان کے گنجان آباد علاقوں میں بڑے پیمانے پر حملے کیے ہیں اور اب اس دہشت گرد گروہ کو طالبان کی حکمرانی کے خلاف سب سے سنگین سیکیورٹی خطرات میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔
داعش نے روسی اور پاکستانی سفارت خانوں کے خلاف مہلک اور تباہ کن حملوں کے ساتھ کابل میں چینی شہریوں کی رہائش گاہ پر بھی حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ کابل میں ہندوستانی سفارت خانہ مکمل طور پر کام نہیں کر رہا ہے، لیکن اس کا ایک حصہ افغان عوام کے لیے نئی دہلی کی انسانی امداد کو مربوط کرنے کے لیے گزشتہ سال دوبارہ کھول دیا گیا تھا۔