شام اور ترکیہ کی مدد میں سعودی تاخیر کی شدید مذمت
سعودی عرب کی قومی اسمبلی کی ایک اہم پارٹی اور سرکردہ سعودی کارکنوں نے شام اور ترکیہ کے زلزلہ زدگان کی مدد میں سعودی حکومت کی ناقص کارکردگی پر تنقید کی۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: سعودی اپوزیشن جماعت "التجمع الوطنی" نے شام اور ترکیہ میں آنے والے زلزلے کے بحران میں سعودی حکومت کی ناقص کارکردگی کے ساتھ شام کے لئے ضروری امدادی ساز و سامان بھیجنے میں تاخیر پر تنقید کی۔
نیشنل گیدرنگ پارٹی نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم زلزلے سے متاثرہ علاقوں کو فوری اور ضروری امداد فراہم کرنے میں سعودی حکام کی تاخیر کی مذمت کرتے ہیں۔
اس بیان میں کہا گیا ہے کہ شام اور ترکیہ میں آنے والے خوفناک زلزلے نے عرب عوام کو بہت متاثر کیا اور فوری مدد فراہم نہ کرنے میں سعودی حکام کے کردار کو ظاہر کر دیا۔
آل سعود کی اس مخالف جماعت نے سعودی معاشرے کے تمام طبقات سے اپنی یکجہتی کا اظہار کرنے اور ان قابل اعتماد اداروں کو ضروری مدد فراہم کرنے کا مطالبہ کیا جو اس وقت انتہائی آسان اور سادہ تیاریوں کے ساتھ خاص طور پر شام میں متاثرین کو امداد اور پناہ فراہم کرنے کے لیے کام میں مصروف ہیں ۔
سعودی عرب کی اس پارٹی نے تمام عرب عوام اور اس کے اتحادیوں سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ قابل اعتماد امدادی تنظیموں کی مدد کے لیے فوری اور قانونی اقدامات کریں جس میں متاثرہ علاقوں تک امداد کے لیے تمام کراسنگ کھولنے کے لیے فوری سیاسی اقدامات بھی شامل ہیں۔