وزیر خارجہ ایران کا دورۂ عراق، اعلیٰ حکام سے کریں گے ملاقات
وزیر خارجہ ایران اپنے عراقی منصب ک دعوت پر بغداد پہنچے ہیں۔
سحر نیوز/عالم اسلام: ارنا نیوز کے مطابق وزیر خارجہ ایران اس سفر کے دوران اپنے عراقی ہم منصب کے علاوہ، صدر، وزیر اعظم، پارلیمنٹ اسپیکر، عدلیہ کی اعلیٰ کونسل اور عراق کی قومی سلامتی کونسل کے سربراہوں سے ملاقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔
اس سے قبل عراق کے سابق وزیر اعظم مصطفیٰ الکاظمی نے تہران کا دورہ کیا تھا اور انہوں نے ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان سے ملاقات اور گفتگو کی تھی۔
قابل ذکر ہے کہ عراق مغربی ایشیا کے خطے میں ایران کے ساتھ سب سے زیادہ مذہبی، ثقافتی اور تاریخی قربت کا حامل ملک سمجھا جاتا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان تقریبا سولہ سو کلومیٹر کی مشترکہ سرحد پائی جاتی ہے جس میں ایک ہزار دو سو اٹھاون کلومیٹر کی زمینی جبکہ تین سو اکیاون کلومیٹر کی آبی سرحد شامل ہے۔
اسکے علاوہ دونوں ممالک بڑے قدیمی، تاریخی، ثقافتی، سماجی، نسلی اور مذہبی اشتراکات کے بندھن میں بندھے ہوئے ہیں اور دونوں ہی اقتصادی اور سکیورٹی سمیت مختلف میدانوں میں بہت سے مشترکہ مفادات اور چیلنجوں کے حامل ہیں۔