یمن، سقطری میں سعودی عرب نے بنایا نیا فوجی اڈہ
دو باخبر ذرائع نے یمن کے صوبہ سقطری میں سعودی عرب کی طرف سے ایک فوجی اڈہ بنائے جانے کی اطلاع دی ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: دو باخبر ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ سعودی عرب نے یمن کے جنوبی ساحل پر مغربی بحر ہند میں واقع جزیرہ نما سقطری صوبے میں اپنی افواج کے لیے ایک نیا اڈہ قائم کیا ہے۔
ان دونوں ذرائع نے عربی- 21 کو ایک انٹرویو میں بتایا کہ نام نہاد "سعودی ٹاسک فورسز" نے سقطری کے مرکز "حدیبو" شہر میں ماحولیاتی تحفظ کے ہیڈ کوارٹر کو خالی کر دیا جہاں وہ کئی برسوں سے تعینات تھے اور اپنے نئے اڈے پر منتقل ہوگئے ہیں۔
ان ذرائع نے اس بات پر زور دیا کہ تقریباً ایک سال قبل سعودی عرب نے سقطری ہوائی اڈے کے قریب "موری" کے علاقے میں اپنی افواج کے لیے ایک اڈہ قائم کیا تھا۔
ان ذرائع کے مطابق گزشتہ تین دنوں کے دوران سیکڑوں سعودی فوجی اہلکاروں کو جن کا سقطری ایئرپورٹ پر کنٹرول ہے، ایئرپورٹ کے قریب اپنے نئے اڈے پر منتقل کر دیا گیا۔
ان ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ سعودی افواج کو سقطری میں متحدہ عرب امارات کی افواج کے قریب تعینات کیا گیا ہے۔