عراق، کربلائے معلیٰ میں سیکورٹی سخت
عراقی عسکری ذرائع نےکربلائے معلیٰ میں پندرہ شعبان کی مناسبت سے منعقد ہونے والی تقریبات کے لیے سیکورٹی کے سخت انتظامات کی خبر دی ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: عراق کے صوبہ کربلا کی پولیس کمان نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ فوج، پولیس اور سیکورٹی نیز انٹیلی جنس اداروں کے سیکورٹی یونٹس کربلائے معلیٰ میں پندرہ شعبان المعظم کی خصوصی تقریبات کے موقع الرٹ ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پندرہ شعبان کی مخصوص زیارت کے موقع پر شہر کربلائے کے اندر اور باہر وسیع سطح پر حفاظتی کارروائیاں انجام دی جا رہی ہيں۔
کربلائے معلی کی پولیس کے سربراہ بریگیڈیئر احمد زوینی نے وزارت داخلہ کی تمام فعال یونٹس کو شہر کے اندر اور باہر تعینات کرنے تاکید کی ہے تاکہ زائرین اور شہر کے مقامی افراد کو مناسب سیکورٹی فراہم کی جا سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ کربلائے معلی آمد کے وقت سے لے کر آخری زائر کی روانگی تک سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے جائیں گے۔
ایک عراقی سیکورٹی ذریعے نے بتایا کہ دھماکہ خیز بیلٹ پہنے ہوئے 3 دہشت گرد صوبہ الانبار کے مغرب میں ہیت کے علاقے میں مارے گئے۔
صوبہ الانبار کی الحشد الشعبی کی 57 ویں بریگیڈ اور جزیرہ آپریشن کمانڈ کی 9ویں بریگیڈ کو دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملی جس کے بعد سیکورٹی اہلکاروں نے آپریشن شروع کیا جس کے دوران تین دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ تینوں دہشت گرد دھماکہ خیز بیلٹ باندھے ہوئے تھے۔
اس ذریعے نے مزید کہا کہ ایک دہشت گرد سیکورٹی فورسز کے تعاقب کے بعد مارا گیا جبکہ دو نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔