Mar ۱۲, ۲۰۲۳ ۱۱:۲۶ Asia/Tehran
  • سعودی عرب کے بعد اب بحرین بھی ایران کے ساتھ تعلقات بحال کرنے پر آمادہ

تہران ریاض معاہدے کے بعد اب بحرین نے بھی ایران کے ساتھ سیاسی و سفارتی تعلقات کی بحالی میں اپنی دلچسپی ظاہر کی ہے۔

سحر نیوز/عالم اسلام: اتحاد بین المجالس کا 146واں عالمی اجلاس بحرین کے دارالحکومت منامہ میں ہو رہا ہے جس میں ایران کا پارلیمانی وفد بھی شامل ہے۔

اجلاس کی سائڈ لائن پر ایران کے پارلیمانی وفد نے بحرینی پارلیمنٹ کے اسپیکر سے ملاقات اور گفتگو کے بعد یہ کہا کہ بحرین نے ایران کے ساتھ اپنے سیاسی و سفارتی تعلقات کی بحالی میں اپنی دلچسپی ظاہر کی ہے۔

ایران کے پارلمانی وفد کے سربراہ مجتبیٰ رضا خواہ نے بحرینی پارلیمنٹ (کاؤنسل آف ری پریزنٹیٹیو) کے سربراہ أحمد بن سلمان المسلم سے ملاقات کے بعد بتایا کہ منامہ نے تہران کے ساتھ سفارتی تعلقات کی بحالی اور دونوں ممالک کے سفارتخانوں کے دوبارہ کھولے جانے پر زور دیا ہے۔

رضا خواہ کا مزید کہنا تھا کہ بحرینی پارلیمنٹ کے سربراہ نے اپنے ملک کے اعلیٰ حکام کی جانب سے ایران کے صدر اور پالیمنٹ کے اسپیکر کو اپنے ملک آنے کی دعوت بھی دی ہے اور ساتھ ہی منامہ اور ایران کے شہروں منجملہ دارالحکومت تہران کے علاوہ شیراز، مشہد اور اصفہان کے مابین براہ راست پروازوں کا سلسلہ شروع کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔

ایران کے پارلیمانی وفد نے اسی طرح اجلاس کی سائڈ لائن پر اماراتی وفد سے بھی ملاقات اور پارلیمانی و اقتصادی روابط کے فروغ پر تبادلۂ خیال کیا۔ اس ملاقات کے بعد ایرانی وفد کے سربراہ کا کہنا تھا کہ اماراتی فریق نے آئندہ پانچ برسوں کے دوران تجارتی لین دین کو 80 ارب ڈالر تک پہنچانے میں اپنی دلچسپی ظاہر کی ہے۔

ٹیگس