Mar ۱۴, ۲۰۲۳ ۰۸:۴۵ Asia/Tehran
  • امریکی دہشتگرد داعشیوں کو پھر لے اڑے

شام پر قابض امریکیوں کے اڈے میں ایک بار پھر داعشی دہشتگردوں کی منتقلی کی خبریں منظر عام پر آ رہی ہیں۔

سحر نیوز/عالم اسلام: لبنان کے المیادین چینل کی رپورٹ کے مطابق شام میں موجود امریکہ کے باوردی دہشتگردوں نے ڈیڑھ سو داعشی دہشتگردوں کو شام کے علاقے دیر الزور میں واقع اپنے اڈے میں منتقل کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق امریکہ نے ان دہشتگردوں کو شام کے شمالی علاقے حسکہ سے دیر الزور شہر کے قریب الشدادی اور العمر نامی اڈوں میں منتقل کیا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ان داعشی دہشتگردوں کا تعلق مختلف ممالک سے ہے۔

اتوار کے روز بھی امریکی دہشتگردوں کے ہیلی کاپٹر حسکہ شہر کی جیل میں قید دسیوں داعشی عناصر کو لے کر حمص شہر کے مشرق میں واقع اپنے التنف اڈے پہنچے تھے۔

داعشی دہشتگردوں کی امریکی اڈوں میں منتقلی ایک ایسا موضوع ہے جس کی خبریں آئے دن منظر عام پر آتی رہتی ہیں اور ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکہ کے اس اقدام کا مقصد شام کے محفوظ رہائشی علاقوں پر حملے اور ملک کی بنیادی تنصیبات کے علاوہ شامی فوج کے مراکز کو نشانہ بنانا ہے۔

اب تک ذرائع ابلاغ بارہا یہ انکشاف کر چکے ہیں کہ امریکہ داعشیوں کو اپنے اڈوں میں منتقل کرنے کے بعد انہیں صرف شام ہی نہیں بلکہ افغانستان اور حتیٰ یوکرین جیسی جگہوں پر بھی اپنے مقاصد کے حصول کے لئے استعمال کر رہا ہے۔

ٹیگس