سعودی ولیعہد نے کی تہران ریاض سمجھوتے میں چین کے کردار کی قدردانی
سعودی عرب کے ولی عہد نے تہران ریاض سمجھوتے کے حصول میں چین کے کردار کی قدردانی کی ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: نیوز ایجنسی واس کے مطابق سعودی عرب کے ولیعہد بن سلمان نے چین کے صدر شی جن پھنگ سے ٹیلی فون پر بات چیت کی جس میں دو طرفہ تعلقات کے علاوہ، تہران ریاض تعلقات کی بحالی کے سمجھوتے میں بیجنگ کے کردار پر تبادلہ خیال کیا۔
چین کے صدر نے کہا کہ ان کا ملک تہران اور ریاض کے درمیان تعلقات کا خیر مقدم کرتا ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان بات چیت کو آگے بڑھانے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔
سعودی خبر رساں ایجنسی نے اس سے پہلے خبر دی تھی کہ ایران اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ نے ٹیلی فون پر بات چیت اور رمضان المبارک کے دوران ایک دوسرے سے بالمشافہ ملاقات کا فیصلہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ایران اور سعودی عرب کے درمیان طے پانے سمجھوتے کے تحت دونوں ممالک نے سفارتی تعلقات بحال اور دو ماہ کے اندر اندر سفارت خانے دوبارہ کھولنے پر اتفاق کیا تھا۔