سعودی توپخانے کے حملے میں ایک یمنی شہید
یمنی ذرائع ابلاغ نے صوبۂ صعدا کے علاقے شدا میں سعودی توپخانے کے حملے میں ایک یمنی شہری کی شہادت کی خبر دی ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: تسنیم نیوز کی رپورٹ کے مطابق سعودی توپخانے نے یمن کے صوبے صعدا کے سرحدی علاقے شدا میں حملہ کرکے ایک یمنی شہری کو شہید کر دیا۔ پیر کے دن بھی سعودی توپخانے کے حملے میں ایک یمنی شہری شہید اور 4 دیگر زخمی ہو گئے تھے۔
یمنی فوجی ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں سعودی اتحاد نے مغربی ساحل کے علاقے میں 77 مرتبہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے۔ یمنی حکومت کے ترجمان نے بتایا ہے کہ گزشتہ 8 سال میں امریکی سعودی اتحاد نے 2000 سے زیادہ ماہی گیروں کو غیر قانونی طور پر گرفتار کیا ہے اور ان میں سے 491 ماہی گیر جاں بحق بحق ہو چکے ہیں۔
یاد رہے کہ سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں نے آٹھ سال قبل امریکہ کی جانب سے ہری جھنڈی دکھا دئے جانے کے بعد عرب خطے کے سب سے غریب ملک یمن پر چڑھائی کر دی تھی تاہم یمنی انفرااسٹرکچر کی تباہی اور ہزاروں یمنی شہریوں کو شہید کرنے کے باوجود سعودی اتحاد یمن میں اپنے اہداف حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکا ہے۔