حمص پر صیہونیوں کی فضائی جارحیت، 5 فوجی اہلکار زخمی
شام کی فوج نے حمص شہر پر مارے جانے والے متعدد صیہونی میزائلوں کو مار گرایا۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: شام کے خبررساں ادارے سانا کے مطابق، صیہونی میزائلی حملہ ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب کو ہوا جس کے دوران شام کے حمص شہر اور اس کے مضافات کو نشانہ بنایا گیا، تاہم شام کی فوج کے ایئرڈیفنس نے داغے گئے متعدد میزائلوں کا مقابلہ کیا اور کئی کو مار گرایا۔
بعض ذرائع کے مطابق، صیہونیوں نے صوبہ حمص میں واقع شام کی فضائیہ کے چار مراکز کو نشانہ بنایا تھا جن میں الکدیر قصبے کے قریب واقع الضبعہ ، ٹی فور،الشعیرات اور شین شہر کے مضافات میں واقع ایک ایئربیس شامل ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ گذشتہ چار دنوں میں شام پر کیا جانے والا یہ صیہونیوں کا چوتھا حملہ تھا ۔ شام کی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ گذشتہ رات کے حملوں میں پانچ فوجی اہلکار زخمی ہوئے۔ صیہونی حکومت کی ان مسلسل جارحیتوں اور دراندازیوں پر اقوام متحدہ اور دیگر عالمی ادارے اور تنظیمیں خاموش تماشائی بنی بیٹھی ہیں جس کے نتیجے میں تل ابیب میں بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کی اور بھی جرات پیدا ہو رہی ہے۔