ایران و سعودی عرب کے وزرائے خارجہ کی گفتگو، جلد ہی ملاقات پر اتفاق
ایران اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ نے ٹیلی فونک رابطے میں آنے والے دنوں میں ملاقات پر اتفاق کر لیا ہے۔
سحر نیوز/عالم اسلام: ایران کی وزارت خارجہ کے شعبۂ اطلاع رسانی کے مطابق وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان نے اتوار کے روز سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان سے ٹیلیفونک گفتگو کی جس میں انہوں نے باہمی تعلقات میں مثبت پیشرفت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے نیک ہمسایگی کی پالیسی پر مبنی اسلامی جمہوریہ ایران کے عزم کا اعادہ کیا۔
سعودی عرب کے وزیر خارجہ نے بھی اس گفتگو میں دونوں ممالک کے عہدے داروں کے مسلسل رابطوں اور ملاقاتوں پر زور دیتے ہوئے تہران ریاض تعلقات کی بحالی کی راہ پیشرفت کو مثبت اور اطمینان بخش قرار دیا۔ گزشتہ ماہ بھی سعودی اور ایرانی وزرائے خارجہ نے رمضان المبارک کے آغاز کے موقع پر ٹیلی فونک رابطہ کیا تھا اور تاریخی دوطرفہ مفاہمتی معاہدے پر عمل درآمد کے لیے جلد ملاقات کرنے کا عزم ظاہر کیا تھا۔
خیال رہے کہ بیجنگ میں طے پانے والے تہران ریاض تعلقات کی بحالی کے معاہدے کے بعد ایران اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ کی یہ تیسری گفتگو تھی۔