صیہونی فوجیوں سے فلسطینیوں کا ٹکراؤ، 16 زخمی
غاصب صیہونی فوجیوں نے مقبوضہ فلسطین کے نابلس میں ایک علاقے پر دھاوا بول کر کم از کم سولہ فلسطینیوں کو زخمی کر دیا۔
سحر نیوز/عالم اسلام: فلسطین کی ہلال احمر سوسائٹی کی رپورٹ کے مطابق صیہونی دہشتگردوں نے نابلس کے بیتا علاقے پر دھاوا بولا جہاں فلسطینیوں سے انکا ٹکراؤ ہوا۔ ان جھڑپوں میں سولہ فلسطینی زخمی ہو گئے۔
اسی طرح اطلاعات ہیں کہ جنین میں واقع یعبد ٹاؤن کے داخلی راستے کے قریب بھی صیہونی فوجیوں کے ساتھ فلسطینی نوجوانوں کا شدید ٹکراؤ ہوا۔
اُدھر مسجد الاقصیٰ میں بھی صیہونی فوجیوں نے پیر کو دھاوا بولا اور وہاں سے نمازیوں اور اعتکاف پر بیٹھے فلسطینیوں کو باہر کھدیڑنے کی کوشش کی۔ بتایا جاتا ہے کہ اس وقت ناجائز صیہونی فوجیوں کی بڑی تعداد مسجد کے صحن میں موجود ہے۔
دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ فلسطینی مزاحمتی تنظیموں سے جڑے نوجوانوں نے جنین میں واقع صیہونی بستی میراف میں ایک کارروائی کی ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق اس کارروائی میں بعض صیہونی مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ ساتھ ہی صیہونی چینل 14 کا کہنا ہے کہ فلسطینی نوجوانوں نے نابلس کے جنوب میں واقع حورہ ٹاؤن کے قریب صیہونی فوجیوں پر فائرنگ کی ہے۔
واضح رہے کہ ان دنوں مقبوضہ فلسطین بالخصوص مغربی کنارے میں صورتحال بڑی نازک بنی ہوئی ہے اور وہاں صیہونی فوجیوں اور فلسطینی نوجوانوں کے درمیان ٹکراؤ میں روز بروز شدت پیدا ہوتی جا رہی ہے۔ فلسطینی نوجوانوں نے اب صیہونی جارحیت کے مقابلے میں ہر ممکن جوابی اقدام کرنے کا عزم کر لیا ہے جس کے بعد مزاحمتی کاروائیوں میں خاصا اضافہ ہو گیا ہے۔