Apr ۰۹, ۲۰۲۳ ۰۸:۴۵ Asia/Tehran
  • سعودی عرب کے سفارتی وفد کا دورۂ تہران

سات برس بعد سفارت خانہ اور قونصل خانہ کھولنے پر بات چیت کے لیے سعودی عرب کا ایک سفارتی وفد ایران پہنچ گیا ہے۔

سحر نیوز/عالم اسلام: سعودی عرب کے سرکاری خبر رساں ادارے سعودی پریس ایجنسی کے مطابق سعودی وزارت خارجہ نے کہا کہ سعودی حکام تہران میں ریاض کے سفارت خانے اور مشہد میں قونصل خانے کو دوبارہ کھولنے کے طریقۂ کار پر بات چیت کے لیے ایران پہنچے ہیں۔

مذکورہ نیوز ایجنسی کے مطابق سعودی وزارت خارجہ نے کہا کہ یہ دورہ چین کی ثالثی میں دونوں ممالک کے درمیان دس مارچ کو طے پانے والے سہ فریقی معاہدے پر عمل درآمد کا حصہ ہے۔ سات برس کی کشیدگی اور ناراضگی کے بعد ایران اور سعودی عرب نے مارچ میں اپنے سفارتی اختلافات کو ختم کرنے اور اپنے سفارتی مشن دوبارہ کھولنے پر اتفاق کیا۔

چھے اپریل کو ایران و سعودی عرب کے وزرائے خارجہ حسین امیر عبد اللہیان اور فیصل بن فرحان نے چین میں اہم ملاقات کی تھی جس میں دونوں ممالک کے درمیان پروازیں بحال کرنے اور شہریوں کو ویزا کی سہولیات فراہم کرنے پر اتفاق کیا گیا تھا۔

ٹیگس