Apr ۰۹, ۲۰۲۳ ۱۱:۳۶ Asia/Tehran
  • ایران، روس، ترکیہ اور شام کے وزرائے خارجہ کا اجلاس اگلے ماہ تک مؤخر

دمشق میں تعینات ماسکو کے سفیر نے ایران، روس، ترکیہ اور شام کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے اگلے ماہ تک ملتوی ہونے کا اعلان کیا ہے۔

سحرنیوز/عالم اسلام: الوطن اخبار کی رپورٹ کے مطابق دمشق میں ماسکو کے سفیر الیگزینڈر یفیموف نے اپنے انٹرویو میں روس، ایران، ترکیہ اور شام کے وزرائے خارجہ کا اجلاس اگلے ماہ تک ملتوی ہو گیا ہے۔

شام میں روس کے سفیر نے بتایا کہ چار فریقی اجلاس پیر کے دن سے شروع ہونا تھا جو اب اگلے ماہ مئی میں منعقد ہوگا۔ ماسکو کے سفیر نے دمشق اور انقرہ کے درمیان تعلقات کو معمول پر لانے اور اس ہدف کی راہ میں موجود پیچیدگیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مثبت نتائج کے حصول کے لیے طے شدہ فریم ورک کے تحت رابطے اور مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔

اس سے قبل ترک وزیر خارجہ مولود چاوش اوغلو نے اعلان کیا تھا کہ انہوں نے اپنے روسی ہم منصب سرگئی لاوروف سے ایران، روس، شام اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ کی آئندہ ملاقات کے حوالے سے بات چیت کی ہے۔

یاد رہے کہ ماسکو میں نائب وزرائے خارجہ کی سطح کا چار ملکی اجلاس منعقد ہوا ہے جس کے بعد روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا کہ ہمیں ان ممالک کے وزراء خارجہ کا اجلاس کرنا ہے اور اس کے لئے تیاریاں جاری ہیں، اس حوالے سے چار ملکی نائب وزرا خارجہ کے اجلاس میں بھی بات چیت کی گئی ہے۔

ٹیگس