Apr ۱۱, ۲۰۲۳ ۱۵:۱۶ Asia/Tehran
  • جنین وعقبہ جبر کیمپ پر صیہونی فوجیوں کا حملہ

غرب اردن کے مختلف علاقوں پر صیہونی جارحیت کے دوران غاصب صیہونی فوجیوں نے جنین پر ایک بار پھر حملہ کیا ہے

سحر نیوز/ عالم اسلام: ایران پریس کی رپورٹ کے مطابق غاصب صیہونی حکومت کے فوجیوں نے منگل کو فوجی ساز وسامان کے ساتھ غرب اردن کے علاقے جنین کو جارحیت کا نشانہ بنایا اور مختلف علاقوں میں صیہونی فوجی تعینات ہو گئے۔ جنین میں پناہ گزینوں کے کیمپ کے اطراف میں صیہونی اسنائپر تعینات ہوئے ہیں۔ 
پریس ذرائع کا کہنا ہے کہ صیہونی فوجیوں نے جنین سے متعدد فلسطینی جوانوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ 
اس سے قبل صیہونی فوجیوں نےپیر کے روز عقبہ جبر کیمپ پر دھاوا بولا جہاں صیہونی فوجیوں کی فائرنگ میں ایک فلسطینی جوان شہید ہو گیا جبکہ صیہونی فوجیوں اور فلسطینیوں کے درمیان ہونے والی جھڑپ میں دو دیگر فلسطینی زخمی بھی ہوئے۔ 
عقبہ جبر کیمپ پر صیہونی جارحیت اور فائرنگ کے دوان صیہونی فوجیوں نے کئی فلسطینیوں کو گرفتار بھی کر لیا۔ 
جبکہ اس علاقے میں صیہونی فوجیوں نے گھر گھر تلاشی بھی لی۔ غاصب صیہونی اپنے توسیع پسندانہ مقاصد کے حصول کے لئے آئے دن فلسطینی علاقوں کو جارحیت کا نشانہ بناتے رہتے ہیں جس میں فلسطینیوں کی ایک تعداد شہید و زخمی ہوجاتی ہے اور یا پھر فلسطینیوں کی ایک تعداد کو گرفتار کر لیا جاتا ہے۔
جبکہ صیہونی حکومت نے حالیہ دنوں کے دوران اپنی جارحیت تیز کر دی ہے۔ اور حال ہی میں غاصب صیہونیوں نے مسجد الاقصی کے خلاف اپنی جارحانہ کارروائیاں بھی تیز کر دی ہیں۔ 
یہ ایسی حالت میں ہے کہ فلسطینی علاقوں پر غاصب صیہونی حکومت کی وحشیانہ جارحیت کے بعد فلسطین کی تحریک مزاحمت کے مختلف گروہوں نے تاکید کی ہے کہ تحریک مزاحمت کی جانب سے صیہونی حکومت کی جارحیت کا براہ راست جواب دیا جائے گا اور جوابی اقدام کرنے سے کوئی گریز نہیں کیا جائے گا۔
تحریک حماس نے بھی اعلان کیا ہے کہ صیہونی حکومت کے وزیراعظم کی فلسطین کے خلاف دھمکی نے اس بات کو ثابت کر دیا ہے کہ یہ غاصب حکومت پورے علاقے کے لئے خطرہ ہے۔
نیتن یاہو نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حماس کو لبنان میں تنصیبات قائم کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور غزہ پر اسرائیل کا حملہ حماس کو خمیازہ بھگتنے کے لئے ایک پیغام ہے۔

صیہونی وزیراعظم نیتن یاہو کی دھمکی کے ردعمل میں تحریک حماس نے کہا ہے کہ صیہونی حکومت کی کسی بھی طرح کی دھمکی سے فلسطینی عوام مسجد الاقصی اور بیت المقدس کو بچانے کی اپنی مہم سے دستبردار نہیں ہوں گے اور صیہونی حکومت فلسطینیوں کو ہرگز مرعوب نہیں کر سکے گی۔ 

ٹیگس