Apr ۱۹, ۲۰۲۳ ۱۴:۴۱ Asia/Tehran
  •  صیہونی فوجیوں کا حملہ، فلسطینی مجاہدوں کی جوابی کارروائی

فلسطین کے علاقے جنین میں فلسطینی مجاہدوں اور صیہونی فوجیوں کے مابین شدید جھڑپیں ہوئی ہیں۔

 سحر نیوز/ عالم اسلام: الفتح پارٹی کی فوجی ونگ شہدائے الاقصی بریگیڈ نے اعلان کیا ہے کہ اس گروہ کے جوانوں اور صیہونی فوجیوں کے مابین قباطیہ شہر میں گولیوں کا شدید تبادلہ ہوا ہے۔ 
اس واقعے کا فوٹیج بھی منظرعام پر آیا ہے جس میں فلسطینی مجاہدوں اور صیہونی فوجیوں کے مابین مسلسل فائرنگ ہو رہی ہے۔ قباطیہ شہر جنین کے مضافات میں واقع ہے۔
یاد رہے کہ صیہونی انتظامیہ، غرب اردن میں فلسطینی استقامتی گروہوں کی بڑھتی طاقت سے بری طرح پریشان ہے اور گذشتہ چند مہینوں کے دوران جنین سمیت غرب اردن کے فلسطینیوں پر حملہ، انہیں شہید، زخمی یا پھر گرفتار کرکے، حالات کو اپنے قابو میں لینا چاہتی ہے۔ تاہم فلسطینی مجاہدین کی شدید مزاحمت اور جوابی کارروائی نے تل ابیب کی ان تمام سازشوں پر پانی پھیر دیا ہے۔
فلسطینیوں کی بڑھتی مزاحمتی صلاحیتوں سے صیہونیوں کے خوف کا معاملہ تشت از بام ہوچکا ہے اور اب صیہونی مبصرین اور سیاسی اور سیکورٹی امور کے ماہرین کھل کر اس بارے میں بات کر رہے ہیں کہ تل ابیب کو ان مزاحمتی کارروائیوں کے انجام کی جانب سے خبردار رہنے کی ضرورت ہے۔
دوسری جانب ستائیس رمضان کی شب دسیوں ہزار فلسطینیوں نے مسجد الاقصی کا رخ کیا اور تمام تر پابندیوں اور سیکورٹی رکاوٹوں کے باوجود پرشکوہ انداز میں نماز جماعت ادا کی نمازیوں کی تعداد اتنی تھی کہ بیت المقدس کے قدیمی حصے سمیت مسجد الاقصی کے اطراف کی سڑکیں اور گلی کوچے مکمل طور پر بھر گئے۔
یاد رہے کہ کچھ عرصے قبل فلسطینی استقامتی گروہوں نے ایک مشترکہ بیان جاری کرکے فلسطینیوں سے مسجد الاقصی میں موجودگی کی اپیل کی تھی تا کہ صیہونی انتہا پسندوں کے مسلسل حملوں کو روکا جا سکے۔ 
فلسطینیوں کے مشتعل جذبات کے پیش نظر، منگل کے روز صیہونی وزیر اعظم نے صیہونیوں سے کہا تھا کہ وہ ماہ رمضان کے اختتام تک مسجد الاقصی میں نہ جائیں۔

ٹیگس