Apr ۲۴, ۲۰۲۳ ۱۱:۳۷ Asia/Tehran
  • پوری دنیا میں امریکی تسلط ختم ہو رہا ہے: حزب اللہ

حزب اللہ کی انتظامی کونسل کے سربراہ نے اس بات پر زور دیا کہ پوری دنیا میں امریکی تسلط زوال پذیر ہے اور آج یہ خطہ استعماری اور استبدادی ممالک کا نہیں بلکہ مزاحمت کا ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: حزب اللہ کی ایگزیکٹو کونسل کے سربراہ سید ہاشم صفی الدین نے بنت جبیل علاقے میں حزب اللہ کے متعدد عہدیداروں، علمائے کرام اور کارکنوں کی موجودگی میں منعقد ایک تقریب سے خطاب میں کہا کہ تمام لبنانی جماعتوں کو اس مثبت ماحول سے فائدہ اٹھانا چاہیے جو خطے میں ملک کے جمع شدہ بحرانوں کو حل کرنے کے لیے منطقی اور حقیقی حل تک پہنچنے کے لیے استعمال ہوتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اب ہم جن پیچیدہ بحرانوں کا سامنا کر رہے ہیں اس کا آغاز بینکوں کے مالیاتی بحران سے ہوا اور اب یہ آئین، عدلیہ وغیرہ کے بحران میں تبدیل ہو چکا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان بحرانوں کا حل خطے کی مثبت فضا کے صحیح استعمال کے ذریعے ممکن ہے اور ہم لبنان کی سیاسی تاریخ اور موجودہ سیاسی بحرانوں اور حقائق کو جانتے ہیں۔

حزب اللہ کی ایگزیکٹو کونسل کے سربراہ سید ہاشم صفی الدین نے کہا کہ یہ تمام حالات اس بات کو سمجھنے کے لیے کافی ہیں کہ بحرانوں کے حل کے لیے لبنانیوں کی یکجہتی اور معاہدے کے علاوہ کوئی راہ حل نہیں ہے اور اس لیے جب لبنانی حل تلاش کرنے کے لیے ایک دوسرے سے بات کرنے کا فیصلہ کرتے ہیں تو کوئی مناسب حل نکل سکتا ہے لیکن جب تک کچھ لوگ باہر سے کوئی حل نکالنے کا انتظار کرتے رہیں گے، ہم کسی نتیجے پر نہیں پہنچیں گے اور مسائل کبھی حل نہیں ہوں گے۔

سید ہاشم صفی الدین نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ آج دنیا بالخصوص خطے میں امریکی تسلط کے زوال کا مشاہدہ کر رہی ہے لہذا اگر خطے کے عوام اور ممالک اپنے مسائل سے نمٹنا چاہتے ہیں تو انہیں امریکہ پر انحصار سے دوری اختیار کرنی چاہیے۔

ٹیگس