Apr ۲۸, ۲۰۲۳ ۱۸:۳۰ Asia/Tehran
  • سعودی اتحاد کو اپنی نیک نیتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا، یمن کے وزیر دفاع کی تاکید

یمن کی نیشنل سالویشن حکومت کے وزیر دفاع نے کہا ہے کہ سعودی اتحاد شرطوں پر عمل کر کے اپنی نیک نیتی کا مظاہرہ کرے۔

سحرنیوز/عالم اسلام:یمن کی نیشنل سالویشن حکومت اور سعودی عرب کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور دس اپریل کو یمن میں سعودی عرب کے سفیر محمد آل جابر کی قیادت والے ایک وفد کے صنعا پہنچنے پر منعقد ہواجو جنگ یمن کے آغاز کے بعد اپنی نوعیت کا پہلا غیر معمولی اقدام قرار پایا۔ 
یمن کے ایک سفارتی ذریعے کا کہنا ہے کہ کچھ مسائل ابھی حل نہیں ہوئے ہیں اور انھیں حل کئے جانے کی ضرورت ہے اور دونوں فریقوں نے مذاکرات کے بعد کے دور کو عید الفطر کے بعد منعقد کئے جانے پر رضا مندی پر اتفاق کیا تھا۔ 
توقع کی جاتی ہے کہ یمن میں سعودی سفیر کی زیر قیادت وفد کی جانب سے صنعا میں یمن کی نیشنل سالویشن حکومت کے ساتھ پھر مذاکرات کئے جائیں گے۔ 
دوسری جانب المسیرہ ٹی وی نے رپورٹ دی ہے کہ یمن کی نیشنل سالویشن حکومت کے وزیر دفاع نے کہا ہے کہ یمن کی مسلح افواج سعودی اتحاد کی ہر اس کوشش کو ناکام بنانے کے لئے آمادہ ہیں جو کشیدگی بڑھنے، یمن کے قومی ذخائر کی لوٹ مارکرنے اور یا سیاسی حل کو سب وتاژ کرنے کے لئے کی جائیں گی 
انھوں نے کہا کہ یمن کی مسلح افواج اپنی توانائی اور مقامی ساختہ جدید ترین ہتھیاروں کی بنیاد پر جارح قوتوں کی ہر قسم کی جارحیت و سازش کا مقابلہ کرنے کے لئے آمادہ ہیں۔ 
یاد رہے کہ گزشتہ آٹھ سال سے عرب خطے کے سب سے غریب ملک یمن پر سعودی اتحاد نے جنگ مسلط کر رکھی ہے جس کا مقصد سعودی نواز مفرور و مستعفی صدر منصور ہادی کی حکومت کو دوبارہ اقتدار میں لانا تھا، مگر عوامی انقلابی تحریک انصاراللہ یمن کی قیادت میں عوامی مزاحمت سے سعودی اتحاد اپنے بیان کردہ اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے جب کہ جنگ کے نتیجے میں یمن کو بدترین انسانی بحران کا سامنا بھی کرنا پڑ رہا ہے۔
یمن کے خلاف جارحیت کے آٹھ برسوں میں شہید و زخمی ہونے والے بے گناہوں کی تعداد انچاس ہزار سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ اس دوران مختلف قسم کے غیر قانونی ہتھیاروں کے استعمال کے نتیجے میں پیدا ہونے والی مختلف بیماریوں سے جاں بحق ہونے والے یمنی عوام کی تعداد الگ ہے جو چودہ لاکھ تراسی ہزار سے زائد ہے اور شہید ہونے والے یمنی عوام میں آٹھ ہزار سات سو بچے اور پانچ ہزار چار سو سے زائد عورتیں شامل ہیں۔ 

 

ٹیگس