May ۰۹, ۲۰۲۳ ۱۲:۳۴ Asia/Tehran
  •  جہاد اسلامی فلسطین کے کمانڈروں کی شہادت پر استقامتی محاذ کا رد عمل

فلسطین کی تحریک حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ نے کہا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت تحریک مزاحمت کے کمانڈروں کو شہید کر کے محفوظ نہیں رہ سکتی۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: المیادین ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق فلسطین کی تحریک حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے تحریک مزاحمت کی جانب سے منھ توڑ اور دنداں شکن جواب دیئے جانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے کمانڈروں کو شہید کئے جانے سے مزاحمت کا عمل مزید مضبوط اور تیز ہو گا اور دشمنون نے اپنے اندازوں میں مغالطہ کیا ہے اور انھیں اپنے کئے کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔

جہاد اسلامی فلسطین نے بھی ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملوں کا جواب بہت جلد دیا جائے گا اور اس میں تاخیر نہیں کی جائے گی ۔ جہاد اسلامی کا کہنا ہے کہ اس وحشیانہ اور دہشت گردانہ حملوں کی ذمہ داری پوری طرح غاصب صیہونی حکومت پر عائد ہوتی ہے لیکن دشمن کو یہ جان لینا چاہئے کہ اس سے وہ اپنا کوئی مقصد حاصل نہیں کرسکے گا۔ 

واضح رہے کہ آج  صہیونی  حکومت کے جنگی طیاروں نے غزہ کی پٹی پر حملہ کرکے جہاد اسلامی کے مراکز کو نشانہ بنایا ہے۔

جہاد اسلامی نے اپنے بیان میں  سرایا القدس کی فوجی کونسل کے چیئرمین جہاد شاکر، سرایا القدس کے شمالی علاقے کے کمانڈر اور فوجی کونسل کے رکن خلیل صلاح البہتینی اور غرب اردن میں سرایا القدس فوجی کارروائیوں کے کمانڈر طارق محمد عزالدین جہاد اسلامی کے وہ کمانڈر ہیں جو غاصب صیہونی حکومت کی وحشیانہ جارحیت میں شہید ہوئے ہیں ۔

جہاد اسلامی کے تین کمانڈروں سمیت کم از کم13 افراد شہید ہوئے ہیں، شہید ہونے والوں میں چار بچے اور چار خواتین شامل ہیں۔

ٹیگس