شاہ سلمان نے دی شامی صدر کو عرب لیگ کے سربراہی اجلاس میں شرکت کی دعوت
May ۱۰, ۲۰۲۳ ۱۷:۱۲ Asia/Tehran
سعودی عرب کے بادشاہ سلمان بن عبدالعزیز نے شام کے صدر بشار اسد کو عرب لیگ کے آئندہ سربراہی اجلاس میں شرکت کی دعوت دی ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: ارنا کی رپورٹ کے مطابق شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے بشار اسد کو دعوت دی ہے کہ وہ جدہ میں ہونے والے عرب لیگ کے آئندہ سربراہی اجلاس میں شرکت کریں ۔ سعودی عرب کے بادشاہ کا یہ سرکاری دعوت نامہ اردن میں سعودی عرب کے سفیر نائف السدیری نے شام کے صدر کو پیش کیا۔
شام کے صدر بشار اسد نے بھی اس ملاقات میں اس بات پر زور دیا کہ سعودی عرب کے شہر جدہ میں عرب لیگ کے آئندہ سربراہی اجلاس سے عرب ممالک کا تعاون مضبوط ہو گا اور اس میں فروغ آئے گا۔
واضح رہے کہ عرب لیگ نے اس تنظیم میں شام کی رکنیت بارہ سال تک معطل رکھنے کے بعد حال ہی میں بحال کر دی ہے جس کے بعد سعودی بادشاہ نے شام کے صدر کو یہ دعوت نامہ بھیجا ہے۔