تمام مقبوضہ علاقوں میں ہائی الرٹ صیہونی حکومت کی کمزوری کا ثبوت ہے: فلسطینی رہنما
غاصب صیہونیوں کی اشتعال انگیز پرچم ریلی کے بعد فلسطین کے مقبوضہ علاقوں میں ہونے والی جھڑپوں میں دسیوں فلسطینی زخمی ہو گئے۔
سحر نیوز/عالم اسلام: آنادولو نیوز ایجنسی کےمطابق مقبوضہ فلسطین کے مغربی کنارے کے نابلس میں پراکندہ طور پر غاصب صیہونیوں کے ساتھ فلسطینی نوجوانوں کی جھڑپیں ہوئی جن میں کم از کم اڑتیس فلسطینی زخمی ہوگئے۔ فلسطین کی ہلال احمر سوسائٹی نے بھی صیہونیوں کے ہاتھوں نابلس کے 38 نوجوانوں کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔ سوسائٹی نے مزید کہا ہے کہ 35 فلسطینی آنسو گیس کی شدت سے بھی بری طرح متاثر ہوئے۔
دوسری جانب فلسطین کی استقامتی تنظیم حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے تمام مقبوضہ علاقوں میں ہائی الرٹ جاری کر دئے جانے کو صیہونی حکومت کی کمزوری اور اسکے قابل شکست ہونے سے تعبیر کیا۔ صیہونی حکومت نے اپنی اشتعال انگیز سالانہ پرچم ریلی کے پیش نظر تمام مقبوضہ علاقوں میں ہائی الرٹ نافذ کر دیا جس کے بعد مقبوضہ فلسطین ایک چھاؤنی کا رخ اختیار کر گیا۔
اس صورتحال پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے فلسطینی رہنما اور حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کے دفتر نے ایک بیان جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ پرچم ریلی کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے نام پر نافذ کیا جانے والا ہائی الرٹ اس کی سکیورٹی کی کمزوری اور اسکے قابل شکست ہونے کا ثبوت ہے۔