May ۲۳, ۲۰۲۳ ۰۹:۳۳ Asia/Tehran
  • فلسطینی جوانوں کی مزاحمتی کارروائی، دو صیہونی زخمی

صیہونی دہشت گردی اور انتہاپسندی کے جواب میں فلسطینی جوانوں کی ایک مزاحمتی کارروائی میں کم از کم دو صیہونی زخمی ہو گئے۔

سحر نیوز/عالم اسلام: مقبوضہ فلسطین سے موصولہ اطلاعات کے مطابق فجر بٹالین کے نام سے موسوم فلسطین کی ایک استقامتی تنظیم نے اس مزاحمتی کارروائی کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ اس کارروائی میں مقبوضہ فلسطین کے مغربی کنارے کے بیتا ٹاؤن کے قریب ناجائز صیہونی آبادکاروں کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں دو صیہونی غاصب زخمی ہو گئے۔

فجر بٹالین نے کارروائی کے بعد ایک بیان جاری کیا ہے جس میں آیا ہے کہ ہمارے شجاع اور بہادر جوانوں کی ایک ٹیم نے پیر کے روز نابلس کے جنوب میں آویتار کے قریب صیہونی آبادکاروں کی ایک کار کو نشانہ بنایا جس میں متعدد صیہونی زخمی ہو گئے اور ہمارے جوان بغیر کسی مشکل اور رکاوٹ کے علاقے سے صحیح و سالم نکلنے میں کامیاب رہے۔

قابل ذکر ہے کہ صیہونی حکومت کی دہشتگردانہ، انتہا پسندانہ، نسل پرستانہ اور اشتعال انگیز کاروائیوں کے باعث مقبوضہ فلسطین کے حالات بڑے نازک بنے ہوئے ہیں جس کے باعث گزشتہ چند مہینوں کے دوران وہاں کے مختلف علاقوں میں فلسطینی نوجوانوں کی مزاحمتی کارروائیاں تواتر کے ساتھ انجام پاتی رہی ہیں۔

گزشتہ ماہ اپریل کے دوران صیہونی غاصبوں اور فلسطینی جوانوں کے درمیان ہونے والے تصادم میں کم از کم تین صیہونی ہلاک اور اکتالیس زخمی جبکہ گیارہ فلسطینی جوان شہید ہوئے۔ فلسطینی جوانوں نے ناجائز صیہونی حکومت کے اقدامات کا مقابلہ کرنے کے لئے ہر ممکن راہ اپنانے کا عزم کر رکھا ہے۔

ٹیگس