سوڈان کی فوج اور پیرا ملٹری فورسز میں جھڑپیں
سوڈان کی فوج اور پیرا ملٹری فورسز کے مابین جنگ بندی کے باوجود جھڑپوں کا نیا سلسلہ شروع ہوا ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے شہر جدہ میں سوڈان کی فوج اور پیرا ملٹری فورسز کے مابین ایک معاہدہ ہوا تھا تاہم اس کے باوجود ام درمان کے علاقے میں بدھ کے روز سے شدید جھڑپوں کی خبریں موصول ہو رہی ہیں ۔ اس کے علاوہ خرطوم میں بھی دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں۔
واضح رہے کہ سوڈان کے دارالحکومت خرطوم سمیت مختلف علاقوں میں عبدالفتاح البرہان کے زیر کمان فوج اور محمد حمدان دقلو کے زیر کمان پیرا ملٹری فورس کے درمیان گزشتہ ہفتوں کے دوران شدید جھڑپیں ہوئیں جن میں ہزاروں افراد ہلاک و زخمی اور بے گھر ہوئے جس کے بعد سعودی عرب کے شہر جدہ میں سوڈان کی فوج اور پیرا ملٹری فورسز کے مابین ایک معاہدہ ہوا۔
اس معاہدے کے مطابق سوڈان میں متحارب فریقیوں نے شہریوں کو نقصان پہنچانے والے کسی بھی حملے سے باز رہنے اور تمام شہریوں کو تنازعات اور محاصرہ شدہ علاقوں سے نکلنے کی اجازت دینے پر بھی اتفاق کیا ۔
سوڈان کی فوج اور پیرا ملٹری فورسز نے انسانی ہمدردی کے کاموں میں سہولت فراہم کرنے اور شہریوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ فریقین نے سوڈان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور اتحاد پر بھی زور دیا تھا لیکن اس کے باوجود اب ایک بار پھر جھڑپوں کا سلسلہ شروع ہوا ہے۔