کیا فلسطین کا جنین علاقہ صیہونیوں کا قبرستان بن گیا؟
جہاں ایک طرف اسرائیلی حکومت کے ذرائع ابلاغ نے جنین کے خلاف دو روزہ حملوں اور اپنے مقاصد کے حصول میں ناکامی کا اعتراف کیا ہے، حماس نے بھی اطلاع دی ہے کہ اسرائیلی فوج کی ہلاکتیں مبینہ اعداد و شمار سے زیادہ ہیں۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: عبرانی اخبار ہارٹص نے بدھ کی صبح اعلان کیا ہے کہ مغربی کنارے کے شہر جنین اور جنین کیمپ پر اسرائیلی فوج کے حملے کے مقاصد حاصل نہیں ہوسکے ہیں۔
اس اخبار نے اس بات پر زور دیا کہ جنین آپریشن صیہونیوں کو امن فراہم نہیں کر پائے گا اور نہ ہی اس سے مغربی کنارے کی موجودہ صورتحال میں کوئی تبدیلی آئے گی۔
ادھر عبرانی زبان کے دوسرے اخبار یدیعوت آحارنوت نے اس بات پر زور دیا کہ اسرائیلی فوج جنین میں شاباک کو مطلوب افراد کی طویل فہرست میں سے صرف 30 افراد کو گرفتار کرنے میں کامیاب رہی۔
جنین پر دو روزہ حملے کے بعد جو پیر کی صبح شروع ہوا اور دعویٰ کیا گیا کہ اس کا مقصد جنین میں مزاحمت کو ختم کرنا تھا، اسرائیلی فوج کے ترجمان نے دعویٰ کیا کہ ہم نے 300 افراد کو گرفتار کیا جن میں سے 12 مسلح تھے۔ یہ دعویٰ ایسے وقت میں کیا گیا کہ جب حملے سے قبل کہا گیا تھا کہ جنین میں 300 سے زائد مسلح افراد موجود ہیں۔