صیہونی دہشتگردوں اور فلسطینی نوجوانوں کے مابین جھڑپ, چار فلسطینی زخمی
صیہونی دہشتگردوں اور فلسطینی نوجوانوں کے مابین ہونے والی تازہ ترین جھڑپوں میں مزید چار فلسطینی زخمی ہو گئے۔
سحر نیوز/عالم اسلام: اطلاعات کے مطابق مغربی بیت لحم میں واقع حوسان بستی اور مغربی رام اللہ کی نعلین بستی میں صیہونی دہشتگردوں اور فلسطینی نوجوانوں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ اسکے علاوہ نابلس اور اریحا علاقے کی العوجا بستی میں صیہونیوں اور فسلطینی نوجوانوں کے درمیان جھڑپ ہوئی۔
صیہونی دہشتگردوں نے فلسطینیوں پر شیلنگ کی اور صوتی بم پھینکے۔
اُدھر جنین کے مغربی علاقے شیک مرج سے اطلاعات ہیں کہ فلسطینی مزاحمتی تنظیموں کے جوانوں نے صیہونی دہشتگردوں کو اپنے نشانے پر لے لیا اور اُن پر فائرنگ کی۔ اس مزاحمتی کارروائی میں ہونے والے ممکنہ جانی نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئی ہیں۔
حالیہ مہینوں میں ناجائز صیہونی حکومت اور فلسطینی نوجوانوں کے درمیان جھڑپوں اور ٹکراؤ میں بے تحاشہ اضافہ ہو چکا ہے، پہلے جھڑپوں کا سلسلہ مقبوضہ فلسطین کے جنوبی علاقوں اور غزہ تک ہی محدود تھا مگر اب فلسطینی جوانوں نے صیہونی دہشتگردوں کے خلاف پورے مقبوضہ فلسطین میں محاذ کھول دیا ہے جس کے بعد صیہونی حکام خاصی بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئے ہیں۔
اپنی اُسے بوکھلاہٹ کا مداوا کرنے کے لئے صیہونی حکومت نے گزشتہ ہفتے جنین کیمپ میں وسیع پیمانے پر دہشتگردی کی جس کے نتیجے میں کم از کم تیرہ فلسطینی شہید اور سو سے زائد زخمی ہو گئے۔
صیہونی جارحیت کے بعد مقبوضہ فلسطین میں تعینات یورپی ممالک کے 30 سفیروں اور اعلیٰ سفارتکاروں نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا تھا جس کے بعد اس وفد نے جنین کیمپ پر صیہونی حکومت کی جارحیت کو ایک دردناک واقعہ قرار دیا تھا۔