سرایا القدس کی کارروائیاں صیہونی دشمن کو مبہوت کر دیں گی
فلسطین کے استقامتی گروہ نے صیہونیوں کے خلاف کارروائیوں کے دائرے کو بڑھانے کا انتباہ دیا ہے۔
سحر نیوز/عالم اسلام: سرایا القدس استقامتی گروہ سے وابستہ جنین بٹالین نے ایک بیان جاری کرکے خبر دار کیا ہے کہ آئندہ کارروائیاں صیہونی دشمن کو مبہوت کر دیں گی۔
اس فلسطینی گروہ نے اعلان کیا ہے کہ جو کارروائیاں انجام دی گئی ہیں وہ ہماری صلاحیتوں کے محض ایک گوشے کی عکاسی کرتے ہیں۔
سرایا القدس استقامتی گروہ نے صیہونی فوج اور اس سے بڑھ کر صیہونی وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو کو چیلنج کرتے ہوئے اعلان کیا کہ ہلاک ہونے والے صیہونی فوجیوں کی معلومات کا پردہ فاش کر کے، غاصبوں کے فوجی نقصانات کی سینسر شپ کی پالیسی پر پانی پھیر دیا جائیگا۔
جنین بٹالین نے نیتن یاہو اور صیہونی فوج کی قیادت کو نادان قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس جنین بٹالین کے سپاہی اپنی طاقت میں مزید اضافہ کر کے تل ابیب کو ایک اور سنگین شکست سے دوچار کریں گے۔
یاد رہے کہ استقامتی محاذ غاصبوں کے مسلسل حملوں سے مرعوب ہونے کے بجائے روز بروز اپنی طاقت میں اضافہ کر رہا ہے جس نے تل ابیب کو بوکھلاہٹ میں مبتلا کر دیا ہے۔