Jul ۱۸, ۲۰۲۳ ۱۰:۰۰ Asia/Tehran
  • قدس کے ادارۂ اوقاف کو مسجد الاقصیٰ کی مرمت سے روک دیا گیا

ناجائز صیہونی حکومت قبلۂ اول مسجد الاقصیٰ کی مرمت میں مسلسل روڑے اٹکا رہی ہے۔

سحر نیوز/عالم اسلام: اسلامی فلسطینی تشخص کی علامت سمجھی جانے والی مسجد الاقصیٰ گزشتہ سات دہائیوں سے زائد کے عرصے سے ناجائز صیہونی حکومت کی دہشتگردی اور جارحانہ اقدامات کا نشانہ بن رہی ہے۔

فلسطین کی شہاب نیوز کےمطابق صیہونی حکومت کے فوجیوں نے پیر کے روز لگاتار سولہویں دن قدس شہر کے ادارۂ اوقاف کی مرمت کمیٹی کو مسجد کی مرمت اور تعمیر نو سے روک دیا اور ساتھ ہی اسکے کارکنوں کو سخت دھمکیاں بھی دیں۔

قبلۂ اول کی مرمت کی ممانعت کا یہ گھناؤنا سلسلہ دو جولائی کو اُس وقت شروع ہوا جب ناجائز صیہونی حکومت نے ایک قانون منظور کر کے مسجد الاقصیٰ کے حدود میں ہر قسم کی مرمت یا تعمیر نو کو ممنوع قرار دے دیا تھا۔

اس حوالے سے مسجد کی انتظامیہ کمیٹی نے پہلے خبردار کیا تھا کہ صیہونی حکومت کے اس اقدام کا مقصد غیر قانونی صیہونی اہداف کو عملی جامہ پہنانا اور قدس شہر پر مکمل طور سے غاصبوں کے تسلط اور انتہا پسندوں کے اُس پر قبضے کی زمین ہموار کرنا ہے۔

مسجد الاقصیٰ کی انتظامیہ کمیٹی کے رکن فخری ابودیاب نے اس حوالے سے بتایا کہ غاصب صیہونی حکومت آہستہ آہستہ مسجد الاقصیٰ کو یہودی رنگ دینے، اسکی تاریخی، قانونی اور اسلامی حیثیت کو تبدیل کرنے اور قدس شہر کے ادارۂ اوقاف کے تمام اختیارات کو اُس سے سلب کرنے کے درپے ہے اور اگر اس سازش کا عملی طور پر ٹھوس جواب نہ دیا گیا جو ناجائز صیہونی ٹولہ اپنے غیر قانونی اہداف کو عملی جامہ پہنا دے گا۔

ٹیگس