Jul ۱۸, ۲۰۲۳ ۱۱:۱۳ Asia/Tehran
  • اردوغان اور بن سلمان کی ملاقات، ڈرون ڈیل پر دستخط

ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوغان نے مشرق وسطی کے دورے کے دوران سعودی عرب میں ترک ساختہ ڈرون طیاروں کی فراہمی کے ایک معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔

سحر نیوز/عالم اسلام: آنادولو نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوغان مشرق وسطی کے دورے کے دوران سعودی عرب پہنچے جہاں جدہ میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون اور دلچسپی کے موضوعات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ترک میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اردوغان کے اس دورے کے نتیجے میں ترکیہ میں 50 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا تخمینہ لگایا گیا ہے جن میں سے 40 ارب ڈالر کے معاہدے صرف متحدہ عرب امارات کے ساتھ جب کہ باقی دس بلین ڈالر کے معاہدے دیگر ممالک کے ساتھ ہوں گے۔

جدہ میں رجب طیب اردوغان کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے ساتھ ملاقات کے دوران بائیکار کمپنی کے ساختہ ڈرون طیاروں کے علاوہ دیگر دفاعی مصنوعات میں باہمی تعاون اور فراہمی کے معاہدوں پر دستخط کئے گئے۔

ترک صدر سعودی عرب کے دورے کے بعد قطر اور متحدہ عرب امارات کا بھی دورہ کریں گے۔

ٹیگس