Jul ۲۰, ۲۰۲۳ ۱۳:۱۲ Asia/Tehran
  • تصویر: نیویارک ٹائمز
    تصویر: نیویارک ٹائمز

دارالحکومت بغداد میں سویڈن کے سفارت خانے کو آگ لگانے کے واقعے پر عراقی وزارت خارجہ اور سویڈن نے اس واقعے کے خلاف مذمتی بیانات جاری کئے ہیں۔

سحرنیوز/عالم اسلام: عراق کی سرکاری نیوز ایجنسی واع کی رپورٹ کے مطابق مقتدیٰ صدر کے حامیوں نے سویڈن میں قرآن پاک کی اہانت کی اجازت دئے جانے کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے بغداد میں اس ملک کے سفارت خانے کو آگ لگا دی۔

عراقی وزارت خارجہ نے ایک بیان جاری کر کے اس اقدام کی مذمت کی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدام سفارتی عملے کی امنیت کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے۔

سویڈن کی وزارت خارجہ نے عراق میں اپنا سفارت خانہ جلائے جانے کے اقدام پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام سفارت کاروں اور دیگر بین الاقوامی اداروں کے عملے پر حملوں کی مذمت کرتے ہیں۔ سفارتخانوں اور سفارت کاروں پر حملہ ویانا کنونشن کے معاہدوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

یاد رہے کہ سویڈن کی حکومت نے عراقی سفارت خانے کے سامنے قرآن کریم اور عراق کا پرچم جلانے کی اجازت دی تھی، جس کے بعد مقتدیٰ صدر کے حامیوں نے اس ملک کے سفارت خانے کے سامنے مظاہرہ کیا اور بغداد میں اس ملک کے سفارت خانے کو نذر آتش کر دیا۔

قابل ذکر ہے کہ دو روز قبل بھی محرم کی آمد پر عراق کے مقدس شہر کربلائے معلیٰ میں اکٹھا ہوئے دسیوں ہزار کی تعداد میں حسینی پروانوں نے سویڈن میں ہوئی اہانتِ قرآن کے خلاف احتجاج کے بطور اپنے ہاتھوں میں قرآن پاک کو بلند کر کے نئے ہجری قمری سال کا استقبال کیا تھا۔

ٹیگس