عاشورا ایثار و فداکاری کے ذریعے ظلم پر کامیابی کا ابدی ثبوت
عاشورا حقیقت کے ذریعے طاقت پر غلبے، انصاف کے ذریعے استبداد پر فتح اور ایثار و فداکاری کے ذریعے ظلم پر کامیابی کا ابدی ثبوت ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: عاشورا وہ دن ہے جب حضرت امام حسین (ع) نے میدان کربلا میں حق و باطل، علم و جہل، رضائے الٰہی اور خواہشات نفسانی کے درمیان حد فاصل قائم کرنے والی وہ عظیم و بے مثال قربانی پیش کی کہ محرم الحرام کی نسبت ہی امام عالی مقام سے ہوگئی ۔ حضرت امام حسین (ع) کی ذات اقدس اور ان کا مقصد شہادت اتنا بلند ہے کہ ضروری نہیں ہر ذہن ان فضائل، مراتب اور راہ خدا میں اس بے مثال قربانی کا احاطہ کرسکے، جو خاندان نبوت نے میدان کربلا میں پیش کی۔
یومِ عاشور جہاں امام عالی مقام اور ان کے عظیم رفقاء کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کرنے کا دن ہے وہیں یہ دن ہمیں اس بات کا بھی احساس دلاتا ہے کہ ہم واقعہ کربلا کی اصل روح اور پیغام کو دلی طور پر سمجھیں اورحضرت امام حسین (ع) کی جانب سے ایثار و قربانی کی لازوال مثال پر حقیقی معنوں میں عمل پیرا ہونے کے لئے اپنے عزم کا اعادہ کریں۔
واضح رہے کہ دس محرم سنہ اکسٹھ ہجری قمری کو فرزند رسول حضرت امام حسین علیہ السلام کو کربلا کے میدان میں ان کے اصحاب و انصار کے ساتھ شہید کر دیا گیا تھا۔
عراق، پاکستان اور ہندوستان میں آج یوم عاشور ہے۔ سحرعالمی نیٹ ورک غم و اندوہ کے اس موقع پر اپنے تمام سامعین، ناظرین اور عزاداران امام عالی مقام کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کرتا ہے۔