ملائیشیا : جیٹ طیارہ سڑک پر ایک موٹر سائیکل سے ٹکرا گیا، 10 افراد ہلاک (ویڈیو)
جمعرات کو ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں ایک چھوٹا نجی جیٹ طیارہ ہوائی اڈے پر اترنے کی کوشش کے دوران سڑک پر ایک موٹر سائیکل اور ایک کار سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں کم از کم 10 افراد ہلاک ہوگئے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: ارنا کی رپورٹ کے مطابق اس حادثے کی وجہ سے طیارے میں سوار تمام آٹھ افراد ہلاک ہوگئے۔
اس کے ساتھ وہاں سے گزرنے والے دو موٹر سائیکل سواروں کی بھی موت ہوگئی۔
حکام نے بتایا کہ بیچ کرافٹ ماڈل 390 (پریمیئر1) طیارے میں چھ مسافر اور عملے کے دو ارکان سوار تھے۔ یہ طیارہ تقریباً 2 بجے ایلمینا ٹاؤن شپ کے قریب حادثے کا شکار ہوگیا۔
یہ ہلکا پرائیویٹ بزنس جیٹ طیارہ لینڈنگ سے عین قبل ایک ہائی وے پر گر کر تباہ ہوگیا۔
سیلنگور پولیس کے سربراہ جوہری ہارون نے میڈیا کو بتایا کہ طیارے کا ایئرٹریفک کنٹرول ٹاور سے رابطہ ٹوٹ گیا اور ہائی وے پر ایک موٹر سائیکل اور کار سے ٹکرا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس معاملے میں کوئی ایمرجنسی نہیں تھی اور طیارے کو لینڈ کرنے کے لیے منظوری دے دی گئی تھی۔
حادثے کے بعد پولیس اور امدادی کارکنوں نے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کردیا۔
ملیشیا کی سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے ایم) نے کہا کہ پرواز لینگکاوی جزیرے سے روانہ ہوئی تھی اور اسے دارالحکومت کوالالمپور کے قریب سیلنگور کے سلطان عبدالعزیز شاہ ہوائی اڈے پر اترنا تھا۔