Dec ۰۸, ۲۰۲۵ ۱۱:۳۸ Asia/Tehran
  • ٹرمپ کی جنگ بندی نے چند ہی مہینوں میں دم توڑ دیا، تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کی افواج کے درمیان جھڑپیں پھر شروع ہوگئیں

تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان چند ماہ تک امن رہنے کے بعد ایک بار پھر جھڑپیں شروع ہوگئی ہیں، ان جھڑپوں میں تھائی لیند کے ایک فوجی کی ہلاکت کی خبر ہے۔

سحرنیوز/دنیا: تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کی افواج کے درمیان جھڑپیں ایک بار پھر شروع ہوگئی ہیں، اس طرح اپنی نام نہاد امن کی کوششوں کا ڈھول پیٹنے والے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ثالثی میں ہونے والی جنگ بندی نے چند ہی ماہ میں دم توڑ دیا ہے۔

خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ تھائی فوج کے بیان کے مطابق تازہ جھڑپوں میں کم از کم ایک تھائی فوجی ہلاک اور 4 زخمی ہوئے ہیں۔ یہ جھڑپیں مشرقی صوبے اُوبون رَچا تھانی کے دو علاقوں میں اس وقت شروع ہوئیں جب، رپورٹ کے مطابق، تھائی دستے کمبوڈین فائرنگ کی زد میں آئے۔

رپورٹ کے مطابق تھائی لینڈ نے کمبوڈیا کے ساتھ اپنے متنازع سرحدی علاقے میں فضائی حملے شروع کر دیئے ہیں جبکہ دونوں ممالک نے ایک دوسرے پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا ہے۔

سرحدی علاقہ، بوریرام صوبہ، تھائی لینڈ۔ 8 دسمبر 2025
 

 

ادھر کمبوڈیا کی وزارت دفاع نے اپنےدعوے میں کہا ہے کہ تھائی فوج نے 2 مقامات پر کمبوڈین دستوں پر علی الصباح حملے کیے، جو کئی روز سے جاری اشتعال انگیز کارروائیوں کے بعد کیے گئے اور یہ بھی دعویٰ کیا کہ کمبوڈین فوج نے جوابی کارروائی نہیں کی۔

تھائی فوج نے کہا کہ کمبوڈین افواج نے تھائی شہری علاقوں کی طرف بی ایم 21 راکٹ فائر کیے، تاہم جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔

دریں اثنا، ملیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم نے اپنی ایکس پوسٹ میں تھائی لینڈ اور کمبوڈیا، دونوں، پر زور دیا ہے کہ وہ تحمل سے کام لیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اس لڑائی سے ان تمام کوششوں پر پانی پھر سکتا ہے جو جنگ بندی لیے کی گئی تھیں، جس میں انہوں نے اہم کردار ادا کیا تھا۔

واضح رہے کہ دونوں ممالک کے درمیان سرحدی تنازعہ جولائی میں 5 روزہ جنگ میں تبدیل ہو گیا تھا، جس کے بعد امریکی صدر ٹرمپ کی ثالثی میں جنگ بندی معاہدہ طے پایا تھا۔ جنگ بندی کی ثالثی میں ملیشین وزیر اعظم انور ابراہیم نے بھی کردار ادا کیا تھا۔

اکتوبر میں کوالالمپور میں دونوں ملکوں کے درمیان توسیع شدہ امن معاہدے پر دستخط بھی ہوئے تھے۔

گزشتہ جولائی کی جھڑپوں میں کم از کم 48 افراد ہلاک ہوئے تھے اور تقریباً 3 لاکھ افراد عارضی طور پر نقل مکانی پر مجبور ہوگئے تھے۔

گزشتہ ماہ ایک بارودی سرنگ کے دھماکے میں اپنے ایک فوجی کے زخمی ہونے کے بعد تھائی لینڈ نے کہا تھا کہ وہ کمبوڈیا کے ساتھ جنگ بندی معاہدے پر عمل درآمد کو روک رہا ہے۔

ہمیں فالو کریں: 

Follow us: FacebookXinstagram, tiktok  whatsapp channel

ٹیگس