Aug ۲۵, ۲۰۲۳ ۱۹:۲۸ Asia/Tehran
  • صیہونی حکومت کے اقدامات فلسطینی عوام کی استقامت کا سبب، حماس

حماس نے کہا ہے کہ فلسطینی عوام اور ان کے مقدسات کا دفاع کوئی الزام نہیں بلکہ فخر کی بات ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سیاسی دفتر کے نائب سربراہ صالح العاروری نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ اس وقت مسجد الاقصیٰ  کی آزادی کے لئے فلسطینی عوام جدو جہد کر رہے ہیں اور تمام عرب اقوام اور مسلمانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس جنگ میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام اور ان کے مقدسات کا دفاع کوئی الزام نہیں بلکہ فخر کی بات ہے اور خود صیہونی حکومت کے اقدامات ہی فلسطینی عوام کی مزاحمت و استقامت کا سبب بنے ہیں۔ حماس کے رہنما نے صیہونی حکومت کو خبردار کیا کہ مزاحمتی محاذ بالخصوص فلسطینیوں کے خلاف ہر قسم کی جنگ کا نتیجہ اس کی بڑی شکست کی صورت میں سامنے آئے گا۔

ادھر ناجائز صیہونی حکومت کی دائیں بازو کی فاشسٹ جماعتوں اور غاصب آبادکاروں کے اشتعال انگیز اقدامات کے خلاف فلسطین کی وزارت خارجہ نے سخت احتجاج کیا ہے۔ فلسطینی اتھارٹی کی وزارت خارجہ نے صیہونیوں کے اشتعال انگیز اقدامات کو فوری طور پر روکے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔

فلسطینی اتھارٹی کی وزارت خارجہ نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں فلسطین کے عوام کے خلاف ناجائز حکومت کی فاشسٹ جماعتوں اور غاصب صیہونیوں کے اشتعال انگیز اقدامات کی سخت مذمت کی ہے اور ان کے اس طرح کے اقدامات کو فوری طور پر روکنے کے لئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔

بیان میں کہا گيا ہے کہ اس قسم کے صیہونی اقدامات مغربی کنارے بالخصوص بیت المقدس کے مقبوضہ علاقوں میں تدریجی الحاق اور علاقائی اور عالمی منظر نامے سے مسئلہ فلسطین کو محو کرنے کے مقصد سے انجام پا رہے ہیں۔ فلسطینی اتھارٹی کی وزارت خارجہ نے انسان دوستانہ اور انسانی حقوق کے لئے کام کرنے والی تنظیموں اور اداروں سے بھی اپیل کی ہے  کہ وہ صیہونیوں کے جرائم کی روک تھام کے لئے سنجیدہ اقدامات عمل میں لائیں۔

خیال رہے کہ ناجائز صیہونی حکومت تمام مقبوضہ علاقوں کو یہودی رنگ میں رنگنے کے مقصد سے ہر ممکن شکل میں فلسطینیوں کی سرزمین کو ہڑپنے اور پھر وہاں غیر قانونی بستیوں کی تعمیر کے درپے ہے۔

 

ٹیگس