Aug ۲۸, ۲۰۲۳ ۲۱:۱۵ Asia/Tehran
  • شام: صیہونی جنگی طیاروں کا حلب کے بین الاقوامی ایئر پورٹ پر حملہ

غاصب صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے شام میں حلب کے بین الاقوامی ایئرپورٹ کو جارحیت کا نشانہ بنایا ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: شام کی سرکاری نیوز ایجنسی سانا کی رپورٹ کے مطابق غاصب صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے شام میں حلب کے بین الاقوامی ایئرپورٹ کو جارحیت کا نشانہ بنایا ہے۔ غاصب صیہونی حکومت کی اس جارحیت میں اس ہوائی اڈے کو خاصا نقصان پہنچا ہے جس کی بنا پر اس ایئرپورٹ کی سرگرمیاں شدید طور پر متاثر ہوئی ہیں۔

دوسری جانب روس کی خبر رساں ایجنسی نے رپورٹ دی ہے کہ شام کے دفاعی فضائی سسٹم نے صیہونی حکومت کی جانب سے داغے جانے والے بیشتر میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کر دیا۔ رپورٹ کے مطابق حلب کے ایئرپورٹ کو صرف مالی نقصان پہنچا ہے اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ شام کی وزارت ٹرانسپورٹ نے بھی ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ حلب کے ایئرپورٹ پر اترنے اور وہاں جانے والی پروازوں کو دمشق اور لاذقیہ ایرپورٹ منتقل کر دیا گیا ہے۔

غاصب صیہونی حکومت نے حالیہ مہینوں کے دوران بارہا شام کے غیر فوجی علاقوں اور خاص طور سے ہوائی اڈوں کو نشانہ بنایا ہے جس پر شام نے ہمیشہ سخت ردعمل کا مظاہرہ کیا ہے۔ شام کی حکومت نے بارہا اعلان کیا ہے کہ غاصب صیہمونی حکومت اپنے علاقائی اور مغربی اتحادیوں کے ساتھ مل کر شام میں حکومت کے خلاف برسرپیکار دہشت گرد گروہوں کی بھرپور حمایت کر رہی ہے اور شامی فوج نے بارہا ان دہشت گرد گروہوں کے ایسے ہتھیار ضبط کئے ہیں جو غاصب صیہونی حکومت نے ان گروہوں کو فراہم کئے ہیں۔

 

ٹیگس