Aug ۲۹, ۲۰۲۳ ۱۱:۴۵ Asia/Tehran
  • شام کا الھول کیمپ پورے علاقے کے لئے خطرہ ہے

عراق کی قومی سلامتی کے مشیر نے کہا کہ الھول کیمپ عراق اور پورے خطے کے لیے حقیقی خطرہ ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: شام کے صوبہ الحسکہ میں واقع الھول کیمپ میں اس وقت 70 ہزار سے زائد افراد مقیم ہیں۔ ان میں 31 ہزار شامی اور 31 ہزار عراقی ہیں۔

اس کیمپ میں دیگر ممالک کے 12 ہزار شہری موجود ہیں اور اب تک صرف چند ممالک نے اس کیمپ سے داعش کے دہشت گردوں کو نکالنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔

عراق کی واع نیوز ایجنسی کے مطابق، ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی کے سربراہ جین جیروم کاسابیانکا نے عراق کی قومی سلامتی کے مشیر قاسم الاعرجی سے ملاقات کی اور اہم مسائل پر گفتگو کی۔

ملاقات کے دوران، دونوں فریقین نے عراق میں ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی کے ساتھ تعلقات اور تعاون میں توسیع کے طریقوں، الھول کیمپ مسئلے اور پناہ گزینوں کی اسکریننگ جیسے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔

عراق کی قومی سلامتی کے مشیر نے ایک بار پھر اس بات پر زور دیا کہ الھول کیمپ کا وجود عراق اور خطے کے لیے حقیقی خطرہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ عراقی حکومت ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی کے ساتھ تمام معاملات میں تعاون کے لیے تیار ہے۔

کاسابیانکا نے اپنے شہریوں کی وطن واپسی اور بغداد حکومت کی جانب سے  دنیا کے ممالک کو شام کے الھول کیمپ سے اپنے شہریوں کو وطن واپس لانے کی مسلسل ترغیب کو بھی سراہا۔

ٹیگس