حلب ایئرپورٹ پرصیہونی حملہ، شام کا سخت ردعمل
شام کی وزارت خارجہ نے حلب ایئرپورٹ پر ناجائز صیہونی حکومت کے حملے پر سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: شام کی وزارت خارجہ نے حلب ایئرپورٹ پر ہونے والے ناجائز صیہونی حکومت کے حملے پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حملہ دہشت گردی کی مغربی حمایت کے تناظر میں کشیدگی کو ہوا دینے کے مقصد سے انجام پایا ہے۔ شام کی وزارت خارجہ کے جاری کردہ بیان میں آیا ہے کہ غاصب اسرائیلی فوج آشکارا طور پر اقوام متحدہ کے منشور کو پامال کرنے، بین الاقوامی ضابطوں کی کھلی خلاف ورزی اور غیر عسکری مراکز اور تنصیبات پر حملوں پر مبنی اپنی وحشیانہ پالیسی پر گامزن ہے۔
بیان میں مزید آیا ہے کہ حلب کے بین الاقوامی ایئرپورٹ پر صیہونی ٹولے کا حملہ در حقیقت علاقے میں کشیدگی کو ہوا دینے، دہشت گردوں کی حمایت کرنے اور شام کے خلاف عائد پابندیوں کے اثر میں شدت پیدا کرنے کے امریکی و مغربی مقصد کے تحت انجام پایا ہے۔ شام کی وزارت خارجہ نےمذکورہ صیہونی حملے کو ایک بزدلانہ اقدام قرار دیتے ہوئے اس کی سخت مذمت کی اور ایک بار پھر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ صیہونی حکومت کو بین الاقوامی ضابطوں کا پابند اور اپنے جرائم کے مقابلے میں جوابدہ بنانے کے لئے اپنی آئینی ذمہ داری پر عمل کرے۔ یاد رہے کہ پیر کے روز ناجائز صیہونی ٹولے کے جنگی طیاروں نے شام کے حلب شہر کے بین الاقوامی ایئرپورٹ پر بمباری کی تھی۔