Sep ۰۳, ۲۰۲۳ ۲۰:۲۵ Asia/Tehran
  • نجف سے کربلا تک زائرین امام حسینؑ کی مشی

چہلم کے موقع پر عراق پہنچنے والے زائرین کی نجف سے کربلا تک کی مشی سید الشہداء حضرت امام حسینؑ اور آپ کے باوفا ساتھیوں کے ساتھ ان کی عقیدت و محبت کا جلوہ پیش کر رہی ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: ایران پریس کی رپورٹ کے مطابق حضرت امام حسینؑ کے زائرین نجف اشرف سے کربلائے معلیٰ تک کا اسّی کلومیٹر کا راستہ تین دن میں پیدل طے کر کے بین الحرمین پہنچیں گے۔ زائرین کی مشی سید الشہداء اور کربلا کے شہیدوں سے محبت کا جلوہ پیش کر رہی ہے اور ہر زائر نجف سے کربلا تک کا راستہ حقیقی معنوں میں حسینی بن کر طے کر رہا ہے۔

حضرت امام حسین ع سے محبت کرنے والے جوان، خواتین اور مرد اس راستے پر مشی کرتے ہوئے واقعہ کربلا کو صدیاں گزر جانے کے باوجود سید الشہداء کے ایثار، فداکاری اور قربانی کو سراہتےہیں

دوسری جانب ان دنوں نجف اشرف میں موجود دنیا کے سب سے بڑے قبرستان وادی السلام میں زائرین کی بہت بڑی تعداد جاکر فاتحہ پڑھتی ہے۔ ایران پریس کی رپورٹ کے مطابق نجف اشرف میں واقع وادی السلام قبرستان بہت بڑا اور تاریخی قبرستان ہے جس کی فضیلت کے بارے میں بہت سی احادیث نقل ہوئي ہیں جس کی وجہ سے اسے شیعوں کے نزدیک بہت اہمیت حاصل ہے۔ بعض روایات کے مطابق اسی قبرستان میں بعض انبیاء اور صالحین رجعت کریں گے۔ وادی السلام قبرستان میں عراقی باشندوں کے علاوہ ایران، ہندوستان، پاکستان، لبنان اور دوسرے ممالک کے افراد کی قبریں بھی نظر آتی ہیں۔ وادی السلام میں بہت سی مشہور دینی اور غیر دینی شخصیات بھی مدفون ہیں۔ حضرت یحیی، حضرت لوط، حضرت ہود اور حضرت صالح علیہم السلام اس قبرستان میں مدفون ہیں۔ رئیس علی دلواری، سید محمد باقر الصدر اور ابو مہدی المہندس کی قبریں بھی وادی السلام میں ہیں۔

موکب زائرین کو اپنی خدمات فراہم کر رہے ہیں عراقی عوام خصوصا خواتین کی جانب سے مقامی روٹیاں پکا کر سید الشہداء کے زائرین کو پیش کئے جانے سے اہل بیت ع کے درس آموز مکتب کو چار چاند لگ جاتےہیں۔ نجف سے کربلا تک کے اسّی کلومیٹر کے راستے میں جابجا موکب لگے ہوئےہیں اور مختلف اقوام اور مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد مشی کرتے ہوئے ایک ہی منزل کی جانب بڑھ رہے ہیں۔

ٹیگس