Sep ۰۷, ۲۰۲۳ ۲۰:۲۱ Asia/Tehran
  • غاصب صیہونی فوجیوں کے ہاتھوں  جہاد اسلامی فلسطین کے  سینیئر رہنما کی گرفتاری

غاصب صیہونی فوجیوں نے آج جمعرات کی صبح مغربی کنارے کے رام اللہ شہر کے قریب جلزون کیمپ پر دھاوا بول کر جہاد اسلامی فلسطین کے ایک سینیئر رہنما سعید نخلہ کو اغوا کر لیا اور انہیں ایک تفتیشی مرکز میں منتقل کر دیا۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: نخلہ کا شمار جہاد اسلامی فلسطین کے بانیوں میں ہوتا ہے اور وہ اب تک کئی بار صیہونی ٹولے کے ہاتھوں گرفتار ہو چکے ہیں اور اب تک انکی عمر کے مجموعا سترہ برس غاصب صیہونی حکومت کی جیلوں میں گزرے ہیں۔ اس درمیان جہاد اسلامی تنظیم کے ترجمان نے مقبوضہ بیت المقدس میں ہوئی شہادت پسندانہ کارروائی کو سراہتے ہوئے صیہونی دہشت گردی کے مقابلے میں جوابی اقدامات کو فلسطینی عوام کا مسلمہ اور فطری حق قرار دیا ہے۔

بدھ کے روز ایک فلسطینی نوجوان نے شہادت پسندانہ کارروائی کرتے ہوئے قدیمی بیت المقدس میں تین صیہونی عناصر کو زخمی کر دیا تھا۔فلسطین کی شہاب نیوز ایجنسی کے مطابق جہاد اسلامی کے ترجمان طارق سلمی نے کہا کہ فلسطینی عوام کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ جارحانہ اقدامات کا مقابلہ کریں اور غاصب فوجیوں کے ہاتھوں ہو رہے قتل عام اور انکے دیگر جارحانہ اقدامات کا جواب دیں۔

قابل ذکر ہے کہ غاصب صیہونی حکومت کے اندرونی اختلافات نے اس ریاست کو زوال و تباہی کے دہانے تک لا کھڑا کیا ہے، ایک طرف تو صیہونی حکومت کو اندرونی طور پر سیاسی خلفشار اور شدید مخالفتوں کا سامنا ہے اور دوسری جانب فلسطینی نوجوانوں نے اس غاصب حکومت کی اینٹ سے اینٹ بجانے کے لئے کمر کس رکھی ہے۔ ساتھ ہی فلسطین کی مزاحمتی تنظیموں نے گزشتہ برسوں کے دوران تمام تر محدودیتوں اور دشواریوں کے باوجود اپنی دفاعی توانائیوں میں بھی حیران کن حد تک اضافہ کیا ہے اور اب مقبوضہ فلسطین کے مخلتف علاقوں میں انہوں نے اپنی معمول کی مزاحمتی کارروائیوں کے علاوہ صیہونیوں کو بارودی سرنگیں بچھا کر بھی نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے، جس کے باعث صیہونی ریاست کی موجودہ انتہا پسند حکومت شدید بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئی ہے۔

ٹیگس