Sep ۱۶, ۲۰۲۳ ۱۷:۵۹ Asia/Tehran
  • صنعا کے وفد کا ریاض دورہ عمان کی ثالثی کی وجہ سے ہے، یمن کی قومی نجات حکومت

یمن کی قومی نجات حکومت کے وزیر اطلاعات ضیف اللہ شامی نے بتایا ہے کہ صنعا کے وفد کا ریاض دورہ  عمان کی ثالثی کی وجہ سے ہے، سعودی عرب کی دعوت کی وجہ سے نہیں۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: ضیف اللہ شامی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ صنعا کے ایک وفد کا دورہ ریاض، یمن کی نیشنل سالویشن حکومت کی جانب سے نیک نیتی کے اظہار کے لئے ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ مسقط کے نتائج سے یہ واضح ہوتا ہے کہ انہوں نے عماں کی حکومت سے صنعا کے وفد کے دورہ ریاض کی درخواست کی تھی۔

واضح رہے کہ ضیف اللہ شامی کا یہ بیان ایسے حالات میں سامنے آیاہے کہ جب جمعرات کی رات کو سعودی وزارت خارجہ نے بتایا تھا کہ اس نے امن مذاکرات کے لئے یمن کی قومی حکومت کے ایک وفد کو ریاض کے دورے کی دعوت دی ہے ۔

یمن کی قومی سالویشن حکومت کے وفد کے سربراہ محمد عبد السلام نے بھی ریاض روانگی سے قبل صنعا میں کہا تھا کہ یہ مذاکرات، یمن اور سعودی عرب کے درمیان ہونے والے ان مذاکرات کے تناظر میں ہوں گے جو فریقین نے مسقط اور صنعاء میں کئی بار انجام دیئے ہیں اور اس سلسلے کے آخری مذاکرات ماہ مبارک رمضان میں ہوئے تھے۔

یمن کے خلاف سعودی عرب کی جنگ چھبیس مارچ دو ہزار پندرہ کو شروع ہوئی تھی جس میں اب تک ایک لاکھ سے زائد لوگ مارے جا چکے ہیں۔

ابھی تک یمن کی جنگ کے خاتمے کا باضابطہ اعلان نہیں ہوا ہے تاہم اب اس کی شدت میں کمی ہو گئی ہے۔ صنعا میں انصار اللہ کی جانب سے تشکیل پانے والی یمن کی حکومت اور سعودی عرب کے درمیان جنگ کے آٹھویں برس عمان کے دار الحکومت مسقط میں مذاکرات شروع ہوئے تھے لیکن مارچ دو ہزار تیئس سے ان مذاکرات کو سنجیدگی کے ساتھ آگے بڑھایا جا رہاہے ۔

مارچ دو ہزار تیئس میں ایران اور سعودی عرب کے درمیان ہونے والےاہم معاہدے کے بعد صنعا کی حکومت سے مذاکرات میں سعودی عرب کی دلچسپی اور سنجیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔

ٹیگس