Sep ۲۳, ۲۰۲۳ ۱۳:۵۷ Asia/Tehran
  • لیبیا میں سیلاب کےنتیجے میں ہزاروں افراد لقمۂ اجل

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ترجمان کا کہنا ہے کہ لیبیا کے شہر درنا میں سیلاب سے اب تک چار ہزار افراد جاں بحق ہوچکے ہيں اور اس تعداد میں اضافے کا امکان ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: عالمی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ترجمان اسٹیفن دوجاریک نے کہا ہے کہ اس ادارے کو موصول ہونے والی رپورٹوں سے پتہ چلتا ہے کہ لیبیا کے شہر درنا میں چار ہزار سے زائد افراد جاں بحق جب کہ آٹھ ہزار سے زائد افراد تاحال لاپتہ ہیں۔
دوجاریک نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے آنے والے دنوں میں ان اعداد و شمار میں اضافے کا امکان بہت زیادہ ہے۔
اس کے علاوہ انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن کی رپورٹ کے مطابق بارشوں اور بند ٹوٹنے سے تینتالیس ہزار سے زائد افراد کو نقصان پہنچا ہے۔
یونیسیف نے بچوں کو درکار پینسٹھ ہزار ٹن طبی امداد اور سامان فراہم کیا ہے۔
لیبیا کے ہلال احمر کے ڈائریکٹر فتحی ابو شعالہ نے کہا کہ ہلال احمر کے پاس سیلاب زدہ علاقوں میں اپنی سرگرمیاں انجام دینے کے لیے ضروری اسباب و وسائل فراہم نہیں ہیں، کیونکہ جنگ میں بڑے پیمانے پر یہ وسائل تباہ و برباد ہوگئے ہيں اور دو ہزار گيارہ سے اب تک کہيں سے کوئی امداد موصول نہیں ہوئی ہے-
ابو شعالہ نے مزيد کہا کہ گزشتہ گھنٹوں کے دوران مزید چھیانوے لاشیں ملی ہیں اور انہیں ملبے کے نیچے سے نکالا گیا ہے اور نامساعد حالات کے باوجود سمندر سے لاشوں کو نکالنے کا کام جاری ہے۔
رپورٹ کے مطابق لیبیا میں طوفان سے مرنے والوں کی تعداد اب تک گیارہ ہزار سے زائد بتائی گئی ہے۔

ٹیگس