فرانس کے سابق صدر نکولس سرکوزی کو جیل بھیج دیا گیا، لیبیا کے رہنما معمر قذافی سے فنڈ لینے کا الزام
فرانس کے سابق صدر نکولس سرکوزی کو اپنے صدارتی انتخاب میں لیبیا کے رہنما معمر قدافی سے فنڈ لینے کے الزام میں جیل بھیج دیا گیا ہے۔ اس طرح وہ یورپی یونین کے کسی بھی ملک کے جیل جانے والے پہلے سابق سربراہ بن گئے ہیں۔
سحرنیوز/دنیا: میڈیا رپورٹوں کے مطابق فرانس کے سابق صدر نکولس سرکوزی کو پیرس کی ایک جیل میں قید کردیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق نکولس سرکوزی یورپی یونین کے کسی ملک کے جیل جانے والے پہلے سابق سربراہ بن گئے۔
نکولس سرکوزی پر، جو2007 سے 2012 تک فرانس کے صدر رہے ہیں، گزشتہ مہینے یہ الزام ثابت ہوا تھا کہ انہوں نے اپنی انتخابی مہم چلانے کے لئےلیبیا کے رہنما معمر قذافی سے غیر قانونی رقم حاصل کی تھی، جس کے نتیجے میں وہ صدر منتخب ہوئے تھے۔ نکولس سرکوزی نے اس فیصلے کے خلاف اپیل کی ہے۔
سابق صدر نکولس سرکوزی کو منگل کے روز دارالحکومت پیرس کی لا سانتی جیل بھیج دیا گیا، جیل میں داخل ہوتے وقت انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک پیغام جاری کرتے ہوئے کسی بھی غیر قانونی کام سے انکار کیا۔ نکولس سرکوزی نے ایکس پر لکھا کہ "آج جمہوریہ کا سابق صدر جیل نہیں جا رہا بلکہ ایک بے قصور آدمی جیل جا رہا ہے۔ مجھے کوئی شک نہیں، سچائی آخرکار سامنے آ کر رہے گی۔"
انہوں نے اخبار لو فیگارو کو بتایا کہ وہ اپنے ساتھ حضرت عیسیٰ کی ایک سوانح عمری اور ’’دی کاؤنٹ آف مونٹی کرسٹو‘‘ نامی ناول کی ایک کاپی لے کر جا رہے ہیں، جس میں ایک بے قصور آدمی کو قید کی سزا سنائی جاتی ہے لیکن وہ فرار ہو کر بدلہ لیتا ہے۔
اطلاعات کے مطابق "لیبیا کیس" نام کے اس مقدمے میں سرکوزی پر الزام ہے کہ انہوں نے معمر قذافی کے ساتھ، جن پر ہوائی جہاز بم دھماکے کے الزمات تھے، ان کی عالمی سطح پرشبیہ بحال کرنے کے عوض انتخابی چندے کا معاہدہ کیا تھا۔