پاکستان افغان مہاجرین کے سلسلے میں اپنا رویہ تبدیل کرے: طالبان انتظامیہ
افغانستان کی طالبان انتظامیہ کی وزارت خارجہ کے سیکریٹری نے پاکستان میں افغان مہاجرین کے ساتھ اس ملک کی حکومت کے رویے کو ناقابل برداشت قرار دیا ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: کابل سے موصولہ رپورٹ کے مطابق افغانستان کی طالبان انتظامیہ کی وزارت خارجہ کے سیاسی امور کے سیکریٹری شیر محمد عباس استانکزئی نے کابل میں عالمی یوم سیاحت کے موقع پر کہا کہ پاکستان کو افغان مہاجرین اور پناہ گزینوں کے سلسلے میں اپنے رویے کو تبدیل کرنا ہو گا اور بین الاقوامی قوانین کے مطابق عمل کرنا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ ہمسایہ ممالک خاص طور سے پاکستان کو چاہئیے کہ غلط رویہ ترک کرے اس لئے کہ اس طرح کے رویے سے دونوں ملکوں کے تعلقات متاثر ہوں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان کی حکومت اپنے یہاں سے کم سے کم دس لاکھ غیر قانونی افغان مہاجروں کو واپس ان کے ملک بھیجنے کی تیاری کر رہی ہے اور گذشتہ دنوں خاصی تعداد میں غیر قانونی افغان مہاجروں کو گرفتار بھی کیا گيا تھا ۔
رپورٹ کے مطابق غیر قانونی افغان مہاجرین کو پاکستان سے نکالنے کا اسلام آباد کا یہ فیصلہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب سیکورٹی اور سرحدی مسائل کے باعث پاکستان اور افغانستان میں کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے ۔