پاکستان اور افغانستان وزرائے خارجہ کی اہم ٹیلیفونی گفتگو، (یو اے پی) ریلوے لائن منصوبے کی اہمیت پر زور
پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی کے درمیان اہم ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں ازبکستان، پاکستان اور افغانستان کے درمیان ریلوے لائن فریم ورک کی جلد تکمیل پر اتفاق کیا گیا۔
سحر نیوز/ پاکستان: موصولہ رپورٹ کے مطابق، افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی نے پاکستان کی جانب سے اپنے سفارتی تعلقات کو سفیر کی سطح تک بڑھانے کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئےکہا کہ افغانستان بھی اسی نوعیت کا اقدام کرے گا، دونوں رہنماؤں نے پاک افغان باہمی اعتماد کے فروغ کیلئے تعاون جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور افغانستان نے علاقائی رابطوں کیلئے ازبکستان۔ افغانستان۔پاکستان (یو اے پی) ریلوے لائن منصوبے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے فریم ورک معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیاہے۔

پاکستان کے دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم ووزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اتوار کو افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی سے ٹیلی فون پر بات چیت کی۔ وزیر خارجہ امیر خان متقی نے پاکستان کی جانب سے اپنے سفارتی تعلقات کو سفیر کی سطح تک بڑھانے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا اور بتایا کہ افغانستان نے بھی اسکا جواب دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے اسے دو طرفہ تعلقات میں انتہائی مثبت پیش رفت قرار دیا۔ دونوں رہنماؤں نے 19 اپریل 2025 کو وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے دورہ کابل کے دوران کیے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کا بھی جائزہ لیا اور دونوں برادر ممالک کے درمیان باہمی اعتماد قائم کرنے کیلئے ملکر کام جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔