Oct ۰۷, ۲۰۲۳ ۱۳:۱۱ Asia/Tehran
  • طوفان الاقصی آپریشن: مقبوضہ فلسطین کا 5 کیلومیٹر کا علاقہ آزاد

طوفان الاقصی آپریشن: حماس اور اسرائیل کے درمیان نئی جنگ چھڑگئی ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: العالم کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل پر حماس کے وسیع حملے کے بعد فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تنظیم حماس کے نوجوانوں نے اسرائیل کے اندر گھس کر طوفان الاقصی آپریشن شروع کر دیا ہے اور اب تک کی اطلاعات کے مطابق انہوں نے مقبوضہ فلسطین کا 5 کیلو میٹر کا علاقہ آزاد کرا لیا ہے اور صیہونی اپنے اپنے گھروں سے نکل کر بھاگ رہے ہیں۔

فلسطینی انفارمیشن سینٹر نے ایک ویڈیو جاری کیا ہے جس میں دسیوں فوجیوں کی ہلاکت اور درجنوں کو یرغمال بنائے جانے کو دیکھا جا سکتا ہے۔ جبکہ اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے 250 سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع دی ہے جن میں زیادہ تر کی حالت نازک ہے۔

ہفتے کی صبح 7 بجے غزہ کی پٹی سے اچانک ہزاروں راکٹ اسرائیل پر داغے جانے کا سلسلہ شروع ہوا جس کے بعد اسرائیل کے طول وعرض میں خطرے کے سائرن بج اٹھے، غزہ کے مختلف علاقوں سے راکٹ باری کی آوازیں گونجتی رہیں۔

سال 2021 میں حماس اور اسرائیل کے درمیان دس دنوں تک جاری رہنے والی لڑائی کے بعد یہ حملہ شدید تصور کیا جا رہا ہے۔

ٹیگس