طوفان الاقصی: فلسطینی کمانڈر اور جوان مقبوضہ فلسطین کے مختلف علاقوں میں داخل ہو گئے
مقبوضہ فلسطین میں غاصب صیہونی حکومت کے خلاف فلسطین کی تحریک مزاحمت کی طوفان الاقصی کارروائی، تیسرے دن بھی جاری ہے جس میں غاصب صیہونی حکومت کو مزید بھاری نقصان پہنچا ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: تحریک حماس کی طوفان الاقصی کے تیسرے روز القسام بریگیڈ کے کمانڈر مقبوضہ فلسطین کی سرحدوں کو عبور کر کے مختلف علاقوں میں داخل ہو گئے اور صیہونیت مخالف کارروائی جاری رکھی۔
طوفان الاقصی کے تیسرے دن صیہونی فوج کا ایک سینیئر افسر گیسن برگ اپنے کئی ساتھی صیہونی فوجیوں کے ساتھ شعار ہنی گف نامی علاقے میں فلسطینی مجاہدین سے دو بدو ہونے والی جنگ میں ہلاک ہو گيا۔
غاصب صیہونی حکومت کے ایک سرکاری ذریعے نے رپورٹ دی ہے کہ طوفان الاقصی جاری کارروائی میں اسرائيل کے ہونے والے مزید جانی نقصان کا فوری طور پر کوئي اندازہ نہیں لگایا جا سکتا۔
فلسطین کی وزارت صحت نے غزہ میں اعلان کیا ہے کہ طوفان الاقصی جنگ کے آغاز سے اب تک وحشیانہ صیہونی جارحیت میں چار سو ترانوے فلسطینی شہید اور دو ہزار سات سو اکیاون دیگر زخمی ہو چکے ہیں۔
صیہونی فوج کے ترجمان نے بھی کہا ہے کہ غزہ میں فلسطینیوں کے خلاف ایک ہزار ٹن سے زائد دھماکہ خیز مواد استعمال کیا جا چکا ہے جبکہ صیہونی وزیر جنگ نے غزہ کا فوجی محاصرہ کئے جانے کی ہدایات دے دی ہیں۔