حسن نصر اللہ سے جہاد اسلامی اور حماس کے رہنماوں کی ملاقات، استقامتی محاذ کے اقدامات پرتبادلہ خیال
حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل سید حسن نصر اللہ سے فلسطین کی اسلامی جہاد تحریک کے سیکریٹری جنرل زیاد نخالہ اور حماس کے رہنما صالح العاروری نے ملاقات کی۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: المیادین کی رپورٹ کے مطابق لبنان کی حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل، فلسطین کی اسلامی جہاد تحریک کے سیکرٹری جنرل اور تحریک حماس کے سربراہ نے ایک مشترکہ ملاقات میں فلسطین کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔
اس ملاقات میں سید حسن نصر اللہ، حماس اور اسلامی جہاد کے رہنماوں نے طوفان الاقصی سے متعلق تازہ ترین پیش رفت اور غزہ کی پٹی کی صورتحال کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔
تینوں رہنماوں نے استقامتی محاذ کی صورتحال اور مقبوضہ علاقوں کے ساتھ لبنان کی سرحدوں میں جاری جھڑپوں کا بھی جائزہ لیا۔
اس ملاقات میں استقامتی محاذ کے رہنماوں نے بین الاقوامی اور علاقائی موقف اور موجودہ نازک صورتحال میں استقامتی محاذ کے مطلوبہ اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات میں غزہ کی پٹی اور فلسطین میں استقامتی محاذ کی حقیقی فتح اور اس علاقے اور مغربی کنارے کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کی جارحیت کو روکنے کے طریقوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔
سید حسن نصر اللہ، زیاد نخالہ اور صالح العاروری نے مکمل ہم آہنگی اور روزانہ کی بنیاد پر جنگی صورت حال اور استقامتی محاذ کی پیش رفت کا جائزہ لینے کی ضرورت پر زور دیا۔