Oct ۲۸, ۲۰۲۳ ۰۹:۲۹ Asia/Tehran
  • صیہونی فورسز کی غزہ پر شدید بمباری، مزید 100 فلسطینی شہید، غزہ کا دنیا سے رابطہ کٹ گیا

صیہونی فوجیوں نے کل رات غزہ پر شدید بمباری کی جس سے غزہ کا دنیا سے رابطہ کٹ گیا اور مزید 100 فلسطینی شہید ہو گئے۔

سحرنیوز/ عالم اسلام : قدس کی غاصب اور جابر صیہونی فورسز نے غزہ پر زمینی اور فضائی حملے کیے جس کے نتیجے میں اب تک  100 فلسطینی شہید ہو اور سیکڑوں زخمی ہو گئے۔ بڑے پیمانے پر تباہی کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے جبکہ مواصلاتی نظام مکمل تباہ ہونے سے غزہ کا دنیا بھر سے رابطہ مکمل کٹ گیا ہے۔

فلسطین کی وزارت صحت نے تازہ ترین اعدادوشمار میں شہدائے غزہ کی تعداد سات ہزار تین سو چھبیس بتائی ہے۔

فلسطین کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ غزہ پر غاصب صیہونی حکومت کی بمباری میں شہید ہونے والوں کی تعداد سات ہزار تین سو چھبیس ہوچکی ہے جن میں تین ہزار اڑتیس بچے ایک ہزارسات سو چھبیس خواتین ہیں اور چارسو چودہ سن رسیدہ افراد ہیں ۔ فلسطین کی وزارت صحت کے مطابق غزہ پر غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ فضائی حملوں میں زخمی ہونے والوں کی تعداد تقریبا انیس ہزار ہوگئی ہے۔

یاد رہے کہ فلسطین کے استقامتی محاذ نےسات اکتوبر کو آپریشن طوفان الاقصی شروع کیا جس میں تل ابیب اور دیگر مقبوضہ علاقوں میں غاصب صیہونی حکومت کے فوجی مراکز اور دیگر اسٹریٹیجک تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ آپریشن طوفان الاقصی میں غاصب صیہونی حکومت کو نا قابل تلافی شکست کا سامنا ہوا جس کا متعدد صیہونی عہدیداروں نے بھی اعتراف کیا ہے۔

صیہونی حکومت استقامتی محاذ سے اپنی شرمناک اور ناقابل تلافی شکست کا بدلہ مظلوم فلسطینی عوام سے لے رہی ہے اور تسلسل کے ساتھ غزہ کی رہائشی عمارتوں ، اسپتالوں ، عبادت گاہوں اور بے گھر ہونے والے فلسطینیوں کی پناہ گاہوں پر وحشیانہ حملے کررہی ہے۔ مغرب بالخصوص امریکا کے گرین سگنل اور بھر پور حمایت سے مظلوم فلسطینی عوام پر اب تک ہزاروں ٹن بم برسائے جاچکے ہیں جن میں شہید ہونے والوں میں دو تہائی خواتین اور بچے ہیں ۔

ٹیگس